شجر کاری ہماری ثقافت کا حصہ ہے ، توقیر ناصر ،عطاء محمد خان

شجر کاری ہماری ثقافت کا حصہ ہے ، توقیر ناصر ،عطاء محمد خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل(الحمراء) رواں برس جشن آزادی پاکستان پودے لگانے کی مہم سے متعلق آگہی پیدا کرنے کے ساتھ منا رہی ہے۔ چیئرمین الحمراء توقیر ناصر نے اس حوالے سے کہا کہ ہمیں اپنی آزادی جیسی نعمت کا شکر ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کے عزم کے ساتھ کرنا چاہئے، شجر کاری ہماری ثقافت کا حصہ ہے ، ماحول کی ہریالی ہماری احسن اقدار سے عبارت ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن(ر) عطاء محمد خان نے کہا کہ الحمراء میں جتنے جھنڈے لگائے جائیں گے اس سے دوگنا پودے بھی لگائیں جائیں گے، پودے لگانے کے لئے مشاہیر کو مدعو کیا جائے گا پودوں کو ادب و ثقافت اور فنون لطیفہ کی خدمت کرنے والوں کے نام سے منسوب کیا جائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ ان پودوں کے سایہ میں ہماری ادبی و ثقافتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔اس کے ساتھ ساتھ الحمراء آرٹس کونسل میں یوم آزادی کے دن کا آغاز ملک کی ترقی و خوشحالی کی دعاؤں کے ساتھ ہو گا۔ پرچم کشائی کی جائے گی، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تقاریر بھی پیش ہونگی، بینڈ پرفارمنس کے ساتھ کلچرل ڈانس ہو گا، آزادی واک بھی اس دن کی تقاریب کا حصہ ہونگی، مقابلہ مصوری، پتلی تماشہ، تصویری نمائش، عینک والا جن، آزادی کے رنگ اسپیشل بچوں کے سنگ اور آزادی میوزک پروگرام صبح سے شروع ہو کر بلاتعطل رات گئے تک جاری رہے گی۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر جشن آزادی کو ملی جوش و جذبے سے منانے کے لئے الحمراء ہال نمبر1کی پیشانی پر بہت بڑا پرچم آویزاں کیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستانیت کا رنگ ابھارنا ہے، الحمراء آرٹس کونسل کی عمارت کو روشنیوں میں نہلایا جائے گا۔
توقیر ناصر

مزید :

صفحہ آخر -