پلانٹڈ بندہ نہیں عوامی نمائندہ ہوں، توقعات پر پورا اتروں گا: نامزد وزیراعلی کے پی کے محمود خان

پلانٹڈ بندہ نہیں عوامی نمائندہ ہوں، توقعات پر پورا اتروں گا: نامزد وزیراعلی ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) نامزد وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ میں کسی کا پلانٹڈ بندہ نہیں ہوں صرف خیبرپختونخوا کی عوام کا منتخب نمائندہ ہوں توقعات پر پورا اتروں گا ،اڑھائی ارب روپے کی آبائی جائیداد ہے، 18لاکھ روپے سٹاف کی غلطی سے اکاؤنٹ میں آئے ،کرپشن کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ جمعرا ت کے روز محمود خان نے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کسی کا پلانٹڈ نمائندہ نہیں ہوں اس حوالے سے تمام افواہیں بے بنیاد ہیں میں صرف خیبر پختونخواہ کے عوام کا منتخب نمائندہ ہوں ،تحریک انصاف کے چیئرمین نے مجھے عزت بخشی اور میں توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ۔ خیبر پختونخواہ کے جاری منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے انہوں نے کہا کہ 18لاکھ روپے سٹاف کی غلطی سے میرے اکاؤنٹ میں آگئے تھے جو میں نے واپس کر دیئے تھے میری اڑھائی ارب کی آبائی جائیداد ہے مجھے کرپشن کرنے کی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ عاطف خان سے میرا کوئی اختلاف نہیں اس سے قبل بھی ہم اکٹھے کام کر چکے ہیں آئندہ بھی ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کریں گے اور جلد ہی عاطف خان سے ملاقات بھی کروں گا وہ میرے بھائیوں کی طرح ہیں اور بہت قابل انسان ہیں انہوں نے محکمہ تعلیم میں بہت اچھے کام کئے ہیں ۔

محمود خان

مزید : صفحہ آخر