پاکستان کے زرعی سائنسدان دنیامیں کسی سے پیچھے نہیں‘ سردارتنورالیاس
فیصل آباد(آن لائن ) پنجاب کے نگران وزیرزراعت سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ درآمدی زرعی مشینری کی ریورس انجینئرنگ کے ذریعے مقامی سطح پر اس کی سستی فراہمی زرعی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے دوران سنڈیکیٹ روم میں یونیورسٹی مینجمنٹ اور بعد ازاں سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیزمیں کثیر المصنفین کتب کی تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرزراعت نے کہا کہ پاکستانی سائنس دان دنیا کے کسی ملک کے مقابلے میں زیادہ باصلاحیت اور ذہین ہیں تاہم اگر انہیں مواقع فراہم کئے جائیں تووہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں حیرتیں تخلیق کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور ذمہ داری کے تعین سے معاملات کو شفاف بنانے اور انہیں آگے لیجانے میں نمایاں مدد ملتی ہے لہٰذا وہ چاہیں گے کہ اختیارات کی مرکزیت کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کی قومی و بین الاقوامی درجہ بندی‘ تحقیقی منصوبوں اور دوسری کامیابیوں کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ اگر یونیورسٹی قیادت اپنے قلیل و طویل المدت اہداف مقرر کرکے پیش رفت کرے تو یقینااس کی نیک نامی میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے مقابلہ میں ایک عام پاکستانی کسان نے خود کو روایتی طرز کاشتکاری تک محدود کر رکھا ہے جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ زرعی ماہرین کی ٹیکنالوجی کو اس کے کھیت تک اس انداز میں پہنچایا جائے کہ وہ اس سے پوری طرح استفادہ کر سکے۔
صوبائی وزیر زراعت نے فصلات کی نئی ورائٹیوں کی دریافت ‘ علوم بیطاریہ‘ امور حیوانات اور انجینئرنگ کے شعبہ میں سائنس دانوں کی خدمات کوسراہتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کو اوج ثریاسے ہمکنار کرنے کیلئے مزید محنت کریں اور وہ چاہیں گے کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے نوجوان اعلیٰ تعلیم کیلئے جامعہ زرعیہ کا رخ کریں۔#/s#