100 انڈیکس کی42800اور42900 کی نفسیاتی حدیں بحال

100 انڈیکس کی42800اور42900 کی نفسیاتی حدیں بحال

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دوروزہ مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کواتارچڑھاؤ کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی42800اور42900 کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں۔سرمایہ کاری مالیت میں 5 ارب 50کروڑ روپے سے زائدکااضافہ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت7.67فیصدزائد جبکہ60.19فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار کا آغاز 36پوائنٹس کی کمی سے ہوا،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 42695پوائنٹس کی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا تاہم پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں لیسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کے باعث حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، کیمیکل،سیمنٹ، بینکنگ اور دیگر سیکٹر میں خریداری کی گئی، جس کے نتیجے میں دوروز سے چھائی مندی کے اثرات زائل ہوگئے۔ ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 42960پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھاگیا تاہم اتارچڑھاؤ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا، مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 192.09پوائنٹس اضافے سے 42923.95 پوائنٹس پر بندہوا۔

مجموعی طور پر402کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے242کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،141کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں5 ارب50 کروڑ90لاکھ82ہزار690روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیاجبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر87کھرب65 ارب88 کروڑ98لاکھ4ہزار883روپے ہوگئی ۔جمعرات کومجموعی طور پر20کروڑ61لاکھ67ہزار710 شیئرزکاکاروبارہوا،جوبدھ کی نسبت1کروڑ46لاکھ98ہزار130 شیئرززائد ہیں۔قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے باٹا کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت59.89روپے اضافے سے1899.89روپے اورستارہ کیمیکل کے حصص کی قیمت17.82روپے اضافے سے374.22روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی پاک ٹوبیکوکے حصص میں ریکارڈکی گئی،جس کے حصص کی قیمت95.00روپے کمی سے2155.00روپے اورکولگیٹ پامولیوکے حصص کی قیمت43.04روپے کمی سے3008.01روپے پر بند ہوئی ۔جمعرات کوپاک الیکٹرون کی سرگرمیاں1کروڑ22لاکھ37ہزارشیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں،جس کے شیئرز کی قیمت98پیسے اضافے سے42.09روپے اورلوٹے کیمیکل کی سرگرمیاں90لاکھ46ہزار500شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی،جس کے شیئرز کی قیمت5پیسے اضافے سے14.15روپے ہو گئی۔جمعرات کوکے ایس ای30انڈیکس95.23پوائنٹس اضافے سے21228.77پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس610.31پوائنٹس اضافے سے73910.98پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس34.13پوائنٹس اضافے سے30944.70پوائنٹس پر بند ہوا ۔

مزید : کامرس