معیاری و ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے سکل ڈویلپمنٹ بڑھانا ہوگی، حسن عسکری

معیاری و ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے سکل ڈویلپمنٹ بڑھانا ہوگی، حسن ...

لاہور(جنرل رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے محنت کشوں کا معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں کلید ی کردار ہے اور ا فرادی قوت کسی بھی صنعت ومعیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، اسی لئے محنت کش طبقے کوجائز مقام دیئے بغیر پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کا ہدف پورا نہیں ہوسکتا۔ وہ گزشتہ روز نگران صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل اورٹرانسپورٹ نعمان کبیر سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ان سے ملاقات کی اور محکمانہ امورو کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین مزدوروں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے او رہماری حکومت محنت کش طبقات کی حالت بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ مزدوروں اور محروم طبقات کومعاشرے میں جائزمقام دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، اسی لئے مزدوروں اورصنعتی کا ر کنو ں کیلئے تعلیم و صحت کی معیاری سہولتیں مہیا کرنا ہر حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے کیونکہ محنت کشوں اور مزدوروں کا استحصال کرنے والے معاشرے کبھی آگے نہیں بڑھتے۔ معیاری ہنرمند افرادی قوت معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں اہم کردارادا کرتی ہے اور اسی اہمیت کے پیش نظر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی صنعت کی ضروریات پوری کی جاسکیں اور بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی افرادی قوت کی زیادہ سے زیادہ کھپت ہو سکے۔ معیاری افردی قوت تیار کرنے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام پر تسلسل اور جدت کے ساتھ عملدرآمد کرنا ہوگا۔ صوبہ بھر میں مزدوروں اورکارکنوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے استحصال کو روکنے کیلئے قانون کے تحت اقدامات تسلسل کیساتھ جاری رکھے جائیں ۔ بچوں سے مشقت کرانا ایک ناسور ہے اور حکومت کو ٹھوس اقدامات کے ذریعے ہر سطح پر چائلڈ لیبر کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ پنجاب میں لائیوسٹاک سیکٹر میں بہت پوٹینشل موجود ہے اور لائیوسٹاک سیکٹر کے پائیدار بنیادوں پر فروغ سے صوبے کی معیشت کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔ پنجاب کے لائیوسٹاک کے شعبے کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی یافتہ ممالک کے مقابل لایا جا سکتا ہے اور لائیوسٹاک کو فروغ دے کر دودھ اورگوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا وقت کا تقاضا ہے اورپیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے تربیت کا معیار بھی بہتر بنانا ہوگا۔

حسن عسکری

مزید : صفحہ آخر