پاکستان میں اکنامک زونر کے قیام کیلئے پی سی جے سی کی چین میں مہم
لاہور(کامرس رپورٹر)ُُُُٓپاک۔چین جوائنٹ چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان میں قائم کئے جانے والے 37 سپیشل اکنامک زونز کی تشکیل کو ممکن بنانے کیلئے چین میں ایک خصوصی مہم شروع کر دی ہے اور اس سلسلے میں چینی سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔یہ بات پاک چین جوائینٹ چیمبر کے صدر ایس ایم نوید نے یہاں بیجنگ سے جاری ایک بیان میں کہی ہے جہاں وہ اپنے چیمبر کے اراکین عاملہ کے ہمراہ ایک تجارتی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ہم نے چین کے دورہ کے حوالے سے اپنے مقاصد کی تکمیل کیلئے پہلے مرحلے پر چین میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کو اعتماد میں لیا ہے تاکہ ہمارے واپس آنے کے بعد وہ مقررہ مقاصد کو پورا کرنے کیلئے مقامی صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ایس ایم نوید نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت سپیشل اکنامک زونز کی تشکیل کیلئے چین اور پاکستان کے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی ضرورت ہے اور پاک چین جوائینٹ چیمبر نے رضاکارانہ طور پر یہ قومی ضرورت پورا کرنیکا بیڑہ اٹھا لیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں لیبر پر مبنی صنعتوں کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں چین بنیادی کردار انجام دے سکتا ہے اور سی پیک کے تحت بننے والے سپیشل اکنامک زونز کی تشکیل سے یہ عمل آسان ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس سلسلے میں ٹیکسٹائل، لیدر، گلاس، کارپٹ، ہینڈی کرافٹس اور ایگریکلچر کے شعبوں میں چین کے ساتھ اشتراک عمل کو فروغ دینے پرکام کر رہے ہیں تاکہ یہ صنعتیں جدید چینی ٹیکنالوجی سے لیس ہو کر پاکستان کی برآمدات میں نمایا ں اضافہ کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بیجنگ میں تعینات پاکستانی سفیر مسعو د خالد اور انکے کمرشمل قونصلرز ہمارے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔