محکمہ زراعت پنجاب نے زیتون کے پودے مفت فراہم کرنے کیلئے درخواستیں طلب کر لیں
لاہور(کامرس رپورٹر )محکمہ زراعت پنجاب نے زیتون کی اعلی نسل، زیادہ پیداوار اور کاشتکاروں کو اس تیلدار فصل کے پودوں کی مفت فراہمی کیلئے کاشتکاروں سے31 اگست تک درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا کہ بنجر اور کم زرخیز زمینوں کو استعمال میں لانے اور پوٹھوہار کو زیتون کی وادی بنانے کیلئے کاشتکاروں کو زیتون کی اعلی نسل اور زیادہ پیداوار کے حامل 20 لاکھ پودوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستان ہر سال3کھرب کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے اس لئے معاشی بحران اور تجارتی خسارہ ختم کرنے کے لئے فائدہ مند زرعی اجناس کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
،ہم یہ تیل خود پیدا کرکے نہ صرف اپنی ضرورت پوری کرسکتے ہیں بلکہ اسے برآمد بھی کرنے کے قابل ہوجائیں گے،زیتون کے پودوں کی مفت فراہمی سے زیتون کی کاشت کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کے پانچ سالہ منصوبہ کے تحت زیتون کی کاشت کے فروغ کیلئے پوٹھوہار کے اضلاع چکوال ،جہلم ،اٹک،راولپنڈی،میانوالی اور خوشاب کے کاشتکاروں کو زیتون کے پودے مفت فراہم کئے جا رہے ہیں اور اسی منصوبے کے تحت پانی کے وسائل(ٹیوب ویل وغیرہ)بنانے کیلئے کاشتکاروں کی 70 فیصد تک مالی معاونت جبکہ ڈرپ اریگیشن کی تنصیب کیلئے 60 فیصد تک مالی معاونت کے ساتھ ساتھ زمینداروں کو مفت فنی تربیت اور مفت تکنیکی مشاورت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبہ سے فائدہ اٹھانے کیلئے کاشتکاردرخواست فارم بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال اور متعلقہ اضلاع کے واٹر مینجمنٹ کے دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں،درخواست فارم ادارہ کی سرکاری ویب سائٹwww.barichakwal.agripunjab.gov.pk یاwww.barichakwal.org سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں جبکہ زیتون کے پودوں کے مفت حصول کیلئے کاشتکار دفتری اوقات میں فون نمبر0543-662001/662004 پر بھی رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس پراجیکٹ کے تحت زیتون کے پھل سے تیل نکالنے کی مفت سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ترجمان محکمہ زراعت نے مزید بتایا کہ اس پراجیکٹ کا مقصد زیتون کی کاشت کو فروغ دینا ہے تاکہ خوردنی تیل پر اٹھنے والے درآمدی بل میں کمی لائی جا سکے،