احتجاج اپوزیشن کا آئینی و جمہوری حق ہے، ساجد میر

احتجاج اپوزیشن کا آئینی و جمہوری حق ہے، ساجد میر

کالاشاہ کاکو(آن لائن)سربراہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ احتجاج اپوزیشن کا آئینی و جمہوری حق ہے،منصفانہ اور غیر جانبدارنہ انتخابات کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے دھاندلی سے پاک انتخابات ضروری ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امیر مالیات شیخوپورہ محمد نواز مغل کی رہائشگاہ پر مرکزی راہنماء محمد جہانزیب برکی و دیگر کے ہمراہ مقامی عہدیداران اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر پروفیسر ساجد نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت دینی و سیاسی جماعتوں کے اتحاد و یگانگت کی شدید ضرورت ہے بیرونی قوتیں پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں جن مقابلہ کرنے کیلئے امت محمدی کو ایک جھنڈ ے تلے جمع ہونا ہوگا۔دین سے دوری کے سبب آج کا مسلمان بے پناہ مسائل اورمشکلات کا شکار ہوچکا ہے دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے قرآن و حدیث کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ دھاندلی کیخلاف متحدہ اپوزیشن کا احتجاج بالکل آئین کے مطابق ہے ، حالیہ انتخابات میں دھاندلی سے ثابت ہوگیا ہے کہ الیکشن کمیشن نااہل تھا جس پر چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ اپوزیشن کے احتجاج میں انکے ساتھ ہیں کیونکہ منصفانہ ، غیر جانبدارانہ انتخابات کے بغیر جمہوریت کا تسلسل ممکن نہیں ۔ جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے ضروری ہے کہ دھاندلی سے پاک انتخابات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کے منتخب کردہ نمائندے ایوان تک پہنچ سکیں ۔

ساجد میر

مزید : صفحہ آخر