14 اگست کے دن شہر قائد کو دلہن کی طرح سجادینگے ،تاجر الائنس
کراچی(اکنامک رپورٹر)کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین وبانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے جشن آزادی کا دن جوش و جزبے سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم 14 اگست کے دن شہر قائد کو دلہن کی طرح سجادینگے اس روز ہم ایک بڑی ریلی نکالیں گے جس میں شہر قائد کی سڑکوں پر عوام میں جھنڈیاں اور دوھا جیولرز کی جانب سے قیمتی انعامات بھی تقسیم کرینگے اور عوامی مقامات پر ملی نغموں کے زریعے حب الواطنی کا مظاہرہ کیا جائے گا،جبکہ آزادی کی رات کو ساحل سمندر پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے کریم آباد کراچی تاجرالائنس کے آفس میں تاجر برادری اور عام آدمی پاکستان کے ورکروں سے ہونے والی ملاقات میں کیا،ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں اس ملک کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی یاد دلاتاہے ،ہم نے لاکھوں قربانیوں اور ایک عظیم جدوجہد کے نتیجے میں یہ ملک حاصل کیاہے ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نظریاتی اساس کی پاسداری میں ہماری جان بھی چلی جائے تو کوئی پرواہ نہیں ہے ،اس ملک پر کئی دہائیوں تک ان لوگوں کا قبضہ رہاہے کہ جو انگریزوں کے غلام تھے جو پاکستان کی آزادی کے بعد بھی عوام کو انگریزوں کا غلام ہی رکھنا چاہتے تھے ،انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جن کی وجہ سے اس ملک کے خلاف ہونے والی سازشیں ہمیشہ ناکامی سے دوچار ہوتی رہی ہیں ،آج ہمیں فخر ہے کہ آزادی کے 72 سالوں کے بعد بھی اس ملک کے نوجوانوں میں وہ ہی جوش وجزبہ ہے جو شروع کے دن تھا
کیونکہ ہماری قوم جانتی ہے کہ اس ملک کو جن قربانیوں کی بدولت حاصل کیا گیاہے اس کی لاج رکھنا بھی ہمیں آتاہے اور اس کی حفاظت بھی اپنی جانوں کا نزرانہ دیکر کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور چودہ اگست کے دن بھرپور انداز میں عوام میں خوشیاں بانٹیں گے۔