ووٹ کو عزت دو نعرہ ہی نہیں نظریہ بھی ہے، مریم اورنگزیب
راولپنڈی (آئی این پی) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا جو نعرہ لگایا ہے، وہ محض نعرہ نہیں ایک نظریہ ہے،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں بشمول تحریک انصاف کے ایک ہی بات کر رہے ہیں کہ فارم 45میں ردوبدل ہوئی، ہر پارٹی یہ کہہ رہی ہے کہ پولنگ ایجنٹس کی غیر موجودگی میں گنتی ہوئی ہے۔جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عوام کی دعاؤں کی وجہ سے بیگم کلثوم نواز کی صحت بہتر ہوئی ہے،70سال سے جو مینڈیٹ چوری کیا جا رہا ہے اس چوری کو بند ہونا چاہیے، ووٹ کو عزت ملنی چاہیے۔ آر ٹی ایس سسٹم کو بیٹھاکر36 گھنٹے رزلٹ کو روک دیا گیا، الیکشن کمیشن کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان تمام سوالات کے جوابات دے، اپوزیشن نے پارلیمانی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مریم اورنگزیب