احتساب عدالت کا 13اگست کو نواز شریف اور واجد ضیاء کو پیش کرنے کا حکم

احتساب عدالت کا 13اگست کو نواز شریف اور واجد ضیاء کو پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) احتساب عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کو 13اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔احتساب عدالت نمبر 2 کے جج محمد ارشد ملک نے نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز پر سماعت کی۔کیس کی گزشتہ روزسماعت کے آغاز پر جج محمد ارشد ملک نے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی سے استفسار کیا کہ دونوں ریفرنسز میں کارروائی کہاں تک پہنچی؟ ۔ سردار مظفر عباسی نے آگاہ کیا کہ العزیزیہ سٹیل ملز میں پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کے بعد صرف ایک گواہ کا بیان باقی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ریفرنسز میں 3 ملزمان ہیں، نوازشریف کے خلاف کارروائی چل رہی ہے جبکہ ان کے صاحبزادوں حسین اور حسن نواز کو احتساب عدالت میں عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے چکی ہے۔سماعت کے بعد جج محمد ارشد ملک نے نواز شریف کو پیر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب عدالت نے استغاثہ کو بھی واجد ضیاء کو پیر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

مزید : صفحہ اول