کیمیائی ہتھیاروں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں روسی سفیر ، ماسکو کیساتھ تعلقات مستحکم کرینگے ،عمران خان
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں تعینات روسی سفیر الیگزے یوریوِچ دیدوو کا کہنا ہے ان کا ملک انسانی حقوق میں بہتری اور کیمیائی ہتھیاروں میں پاکستان کیساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔تحریک انصاف سے جاری بیان کے مطابق روسی سفیر نے بنی گالا میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی،اپنی قیادت کی جا نب سے تہنیتی پیغام پہنچایا ۔ملاقات کے دوران الیگزے یوریوِچ دیدوو نے کہا ماسکو، پاکستان کیساتھ تعلقات میں مزید بہتری کا خواہاں ہے اور روس معاشی تعاون، انسانی حقوق میں بہتر ی اور کیمیائی ہتھیاروں میں پاکستان کیساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔انسداد دہشتگردی ا و ر افغانستان میں قیام امن کیلئے بھی پاکستا ن کیسا تھ اشتراک کے خواہاں ہیں۔ باہمی تعاون کی راہ میں حائل مسائل کے فوری حل کی تدبیر کرنا ہوگی، جبکہ پاکستانی اور روسی بینکوں کے در میان براہ راست روابط کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔الیگزے یوریوِچ دیدوو نے روسی کوہ پیما کی جان بچانے پر پاکستانی پائلٹس کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے مبارکباد پر روسی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میں اور میری حکومت روس کیساتھ تعا ون میں بہتری لانا چاہتے ہیں، جبکہ اقتدار سنبھالنے کے بعد روسی ڈرلنگ کمپنیوں کو پاکستان آمد کی دعوت دینا چاہیں گے۔افغانستان کے حوا لے سے ان کا کہنا تھا امریکی انتظامیہ سمجھ چکی ہے افغانستان کے مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی صدارت میں بنی گالہ میں پارلیمانی اجلاس ہوا جس میں چیئرمین نے کراچی کے منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل حل کر نے کی ہدایت دی۔ عمران خان نے کراچی سے الیکشن جیتنے والے رہنماؤں کو مبارکباد دی اور صدرپی ٹی آئی کراچی فردوس شمیم نقوی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ عمران خان نے کہا فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں پی ٹی آئی کراچی سے الیکشن جیتی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی سمیت تمام رہنماؤں کو کراچی کے عوامی مسائل کے سلسلے میں ماہانہ رپورٹ طلب کی جائے گی، اس موقع پر حکومت سازی کے بعد آنے کے بعد سو دن کے پروگرام پر بھی گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے کہا جب تک کراچی ترقی نہیں کرے گا، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا ۔ اس وقت ہماری ترجیح حکومت بنانا ہے۔ اجلاس میں کراچی کے مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ عمران خان کو کراچی میں پانی کے مسا ئل سے آگاہ کیاگیا۔
عمران خان