الیکشن کمیشن کی اسمبلیاں تشکیل کرنے میں تاخیر کی تردید

الیکشن کمیشن کی اسمبلیاں تشکیل کرنے میں تاخیر کی تردید

اسلام آ با د (سٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن نے اسمبلیوں کی تشکیل میں تاخیرکی تردید کر تے ہو ئے کہا ہے کہ تمام مراحل الیکشن ایکٹ کے تحت پورے کئے جا رہے ہیں، جمعرات کو ترجمان الیکشن کمیشن نے واضح کردیاہے کہ الیکشن کے بعدتمام مراحل الیکشن ایکٹ کے تحت پورے کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایاکہ پولنگ کے بعد دس روز میں ارکان نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرائیں جبکہ سات اگست کو کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ قواعد کے تحت نو اگست تک آزادارکان پارٹی وابستگی کاحلف نامہ جمع کرانے کے پابند ہیں،پارٹی وابستگی ظاہر ہونے کے بعد گیارہ اگست تک مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ دوسری جانب نومنتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے حوالے سے سیکیورٹی امور بھی زیر غور آئے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ حلف برداری کے موقع پر غیر متعلقہ افراد پارلیمنٹ ہاؤس داخل نہیں ہو سکیں گے۔میڈیا نمائندوں کو بھی پریس گیلری کے نئے کارڈز جاری ہوں گے۔

مزید : صفحہ اول