سعودی عرن اور کینیڈا میں سفارتی کشیدگی ، پاکستان نے برادر اسلامی ملک کے موقف کی حمایت کردی

سعودی عرن اور کینیڈا میں سفارتی کشیدگی ، پاکستان نے برادر اسلامی ملک کے موقف ...

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) پاکستان نے کینیڈا اور سعودی عرب کے مابین سفارتی کشیدگی میں بڑھتے ہوئے اضافے کے بعد سعودی عرب کے موقف کی حمایت کردی ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کسی بھی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کی مخالفت کرتا ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق کسی ملک کے ذاتی معاملات میں دخل اندازی مناسب نہیں ہے۔اور پاکستان علاقائی خودمختاری اور سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔ کینیڈا کے ساتھ معاملات کے سلسلے میں پاکستان سعودی عرب کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔ دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ بردرانہ تعلقات کئی دہائیوں سے قائم ہیں ۔ سعودی سفارتخانے کے مطابق کینیڈا سعودی عرب کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کررہا ہے ۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق کیلئے آواز نہیں بلند کی جارہی بلکہ ان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کی جارہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کینیڈا کو اپنی غلطی کا احساس ہونا چاہیے۔دوسری جانب کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ریاض میں انسانی حقوق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا سعودی عرب میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتا رہے گا۔

مزید : صفحہ اول