پاکستان کی ترقی کراچی کی خوشحالی سے مشروط ، تمام مسائل حل کرینگے : عمران خان

پاکستان کی ترقی کراچی کی خوشحالی سے مشروط ، تمام مسائل حل کرینگے : عمران خان

اسلام آباد، کراچی (سٹاف رپورٹرز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان سے روس کے سفیر الیکسی ڈیڈوف نے جمعرات کے روز بنی گالہ میں ملاقا ت کی،اس موقع پر روسی سفیر نے پاکستان میں عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مبارکباد دی اور اپنی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا ، جبکہ پاکستان روس تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔عمران خان نے مبارک باد اور تہنیتی پیغام پر روس کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ،قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی صدارت میں بنی گالہ میں پارلیمانی اجلاس ہوا جس میں چیئرمین نے کراچی کے منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل حل کر نے کی ہدایت دی۔ عمران خان نے کراچی سے الیکشن جیتنے والے رہنماؤں کو مبارکباد دی اور صدرپی ٹی آئی کراچی فردوس شمیم نقوی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ عمران خان نے کہا فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں پی ٹی آئی کراچی سے الیکشن جیتی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی سمیت تمام رہنماؤں کو کراچی کے عوامی مسائل کے سلسلے میں ماہانہ رپورٹ طلب کی جائے گی، اس موقع پر حکومت سازی کے بعد آنے کے بعد سو دن کے پروگرام پر بھی گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے کہا جب تک کراچی ترقی نہیں کرے گا، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا ۔ اس وقت ہماری ترجیح حکومت بنانا ہے۔ اجلاس میں کراچی کے مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ عمران خان کو کراچی میں پانی کے مسا ئل سے آگاہ کیاگیا۔

عمران خان

مزید : کراچی صفحہ اول