معصوم بچی کے قتل میں ملوث ملزمان کو سرعام پھانسی پر چڑھایا جائے : ضلع کونسل مردان

معصوم بچی کے قتل میں ملوث ملزمان کو سرعام پھانسی پر چڑھایا جائے : ضلع کونسل ...

مردان ( بیورورپورٹ )ضلع کونسل مردان نے مدے بابا تخت بھائی میں معصوم بچی کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرکے ان کو سر عام پھانسی دی جائے اور اس طرح کے سنگین واقعات کے روک تھام کے لیے اقدامات کئے جائیں مدے بابا سے رکن کونسل میاں عبدالرحمان نے ان کے علاقے میں ایک معصوم بچی حسینہ کے بہیمانہ قتل کے حوالے سے مذمتی قرارداد ایوان میں پیش کی اور کہا کہ ضلع مردان اور ملک کے دیگر حصوں میں بچیوں اور بچوں کے ساتھ درندگی کے واقعات ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہیں اور ان کی روک تھام کے لیے مقامی اور قومی سطح پر کوششیں ہونی چاہیئے۔اُنہوں نے مقتولہ حسینہ کے والدین کی مالی امدادکا بھی مطالبہ کیا ۔کونسل کے رکن شاہد با چا نے بھی قرارداد کے حق میں اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات پر سنجیدگی سے سوچنا ہوگا کہ جدید دور کی ایجادات ہماری نئی نسل کو کس سمت میں لے جارہے ہیں ۔اس موقع پر کنوینر کونسل اسد علی کشمیری نے کہا کہ پولیس اس بہیمانہ قتل میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لیے کوشاں ہے جبکہ ضلعی حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کی مالی مدد کی جائے گی۔

مزید : کراچی صفحہ اول