پشاور پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں 59 جرائم پیشہ منشیات فروش گرفتار

پشاور پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں 59 جرائم پیشہ منشیات فروش گرفتار

پشاور(کرائمز رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے امن وامان کو برقرار رکھنے کی خاطر ضلع بھر میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 59 جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 20 کلو گرام چرس ایک کلو گرام ہیروئن ،ہزاروں روپے مالیت کی آئس ،36بوتل شراب سمیت بھاری مقدار میں خود کار اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے ۔ تفصیلا ت کے مطابق سی سی پی او جمیل الرحمن کی خصوصی ہدایت پر پشاور پولیس نے ضلع بھر میں امن امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطرمختلف تھانہ جات کی حدود میں کامیاب کارروائیاں کی ہیں خصوصی کارروائیوں کے دوران اے ایس پی چمکنی خان زیب خان کی قیادت میں تھانہ چمکنی پولیس نے جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کے دوران دوملزمان محمد اکرام اور محمد یعقوب کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے ایک کلو گرام ہیروئن، ڈی ایس پی کینٹ کمال حسین خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ غربی دوست محمد خان نے کامیاب کارروائی کے دوران ملزم مقبلی خان سکنہ گلوزئی کو حکمت عملی سے گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 5 کلو گرام چرس ، ایس ایچ او تھانہ گلبرگ تیمور سلیم نے ملزم گلاب شیر ولد امیر شاہ سکنہ باڑہ اور شاہد ولد میران شاہ سکنہ ارمڑ پایان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 کلو گرام چرس کے ساتھ ساتھ دیگر تین ملزمان خلیل اللہ ولد حمید سکنہ ریگی ، طارق ولد جاوید سکنہ یکہ توت اور ابرار ولد جان سکنہ پشاور کینٹ کوبھی گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 15 گرام آئس اور 2 عدد پستول بر آمد کی ہیں جبکہ ڈی ایس پی سٹی II ملک حبیب کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ کوتوالی وارث خان نے ملزم سمیع اللہ ولد امان اللہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک کلو گرام چرس بر آمد کر لی اسی طرح ڈی ایس پی بڈھ بیر گران اللہ کی قیادت میں تھانہ انقلاب پولیس نے اراضیات موضع موسی زئی میں ملزم نظر گل ولد خائستہ گل سکنہ ماما خیل کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے دو کلو گرام چرس بر آمد کر لی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے دوسرے تھانوں میں دیگر 49 ملزمان کو بھی گرفتار کرکے انکے قبضے سے ایک عدد کلاشنکوف ،19 عدد پستول ،1 عدد رپیٹر ،سینکڑوں عددمختلف بور کے کارتوس ،10 کلوگرام چرس اور 36 بوتل شراب بھی برآمد کر لی گئی ہے تمام ملزمان کے خلاف حسب ضابطہ مقدمات درج رجسٹر کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو منشیات فروشوں اور دیگر سماج دشمن عناصرکے خلاف کامیاب کارروائیوں پر ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے خلاف مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

Back

مزید : پشاورصفحہ آخر