گرفتار ملزموں کے طبی معائنے کا حکم، پولیس اہلکاروں کا میڈیکل سرٹیفیکٹ منسوخ

گرفتار ملزموں کے طبی معائنے کا حکم، پولیس اہلکاروں کا میڈیکل سرٹیفیکٹ منسوخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لیاقت پور (نامہ نگار)پولیس تھانہ تبسم شہید نے کچی منڈی سے اٹھائے دونوجوانوں کو تیسرے دن زخمی حالت میں عدالت میں پیش کردیا جبکہ عدالت نے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈکی پولیس استدعا مسترد کرکے دو دن کا جسمانی ریمانڈ اور گرفتار ملزموں کے طبی معائنے کا حکم دیدیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نے زخمی سب انسپکٹر اور حوالدارکو جاری کردہ میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی غیر قانونی تسلیم کرکے منسوخ کردیئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق 7(بقیہ نمبر49صفحہ12پر )

اگست کو صبح ساڑھے چار بجے تھانہ تبسم شہید کا سب انسپکٹر مقصود احمد اور حوالدار غلام مرتضیٰ دیگر نفری وپرائیویٹ افراد کے ہمراہ چودہ سالہ ملزم آصف علی کی گرفتاری کیلئے دیواریں پھلانگ کر کچی منڈی خورشید کالونی کے 80سالہ بزرگ محمد شریف ارائیں کے گھر داخل ہوا مزاحمت پر پولیس اہلکاروں اور پرائیویٹ افراد نے گھر میں موجود بزرگ، خواتین ، نوجوانوں اور بچوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اس دوران سب انسپکٹر اور حوالدار کو بھی اپنے ساتھیوں کی بندوقوں کے بٹ لگنے سے زخم آئے ۔ پولیس نے مزید نفری طلب کرکے محمد شریف کے دو بیٹوں محمد افضل اور محمد ریاض کو گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا جس دوران محمد افضل کا بازو بھی توڑدیاگیا مگر طبی امداد فراہم کرنے کی بجائے دونوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا تھا۔ آج پولیس تبسم شہید نے دونوں ملزمان کو مجسٹریٹ لیاقت پور کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈکی استدعا کی مگر عدالت نے زخمی ملزمان کو صرف دو دن کے ریمانڈپر پولیس کے حوالے کیااور ان کے فوری طبی معائنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت کی طلبی پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لیاقت پور ڈاکٹر یٰسین ملک بھی عدالت میں پیش ہوئے اور عدالتی حکم پر خواتین اور بزرگ محمد شریف کا میڈیکل نہ کرنے کی وضاحت کی جسے عدالت نے تسلیم کرلیا تاہم میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے تسلیم کیا کہ ان کے میڈیکل آفیسرکی طرف سے پولیس سب انسپکٹر مقصود احمد اور حوالدار غلام مرتضیٰ کا جاری کردہ میڈیکل سرٹیفکیٹ غیرقانونی اور اختیارات کا ناجائز استعمال ہے انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو بھی میڈیکل بورڈ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال رحیم یارخان کے روبرو پیش ہونا ہوگا۔ عدالت نے پولیس کے ہاتھوں زخمی ہونے والی خواتین ،بچی اور بزرگ کے میڈیکل کیلئے بھی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال رحیم یارخان کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
طبی معائنے کا حکم