کلرسیداں،شادی پرویلیں لوٹنے والوں کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

کلرسیداں،شادی پرویلیں لوٹنے والوں کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

کلر سیداں(تحصیل رپورٹر)شادی کی ایک تقریب میں ویلیں لوٹنے والے ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹ گئے ۔ نواحی علاقہ ساگری میں رسم حناء کی ایک تقریب جاری تھی جہاں مہمانوں کی کافی تعداد اس موقع پر موجود تھی ۔تقریب کی رونق کو دوبالا کرنے کیلئے ڈھول باجے والوں کو بھی مدحو کیا گیا تھا جہاں مہمان ایک دوسرے کے مقابلے میں آ کر دلہا پر ویلیں نچھاور کرتے رہے جو ڈھول باجے والے ان ویلوں کو اکٹھا کر تے رہے۔رات کے پچھلے پہر جب ڈھول باجے والے اپنا کام ختم کرنے کے بعد گھر جا رہے تھے کہ راستہ میں انہیں ڈاکوؤں نے روک لیا اور جتنی بھی ویلیں اکٹھی کی گئی تھیں ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر وہ سب کی سب ان سے چھین لیں اس طرح ڈھول باجے والے ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹ جانے کے بعد اپنی قسمت کو برا بھلا کہتے ہوئے خالی ہاتھ واپس چلے گئے۔دریں اثناء ڈکیتی کی ایک اور واردات میں نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر سبزی فروش کو لوٹ لیاجبکہ مزاحمت پر اسے گولی مار کر زخمی کر دیا۔یہ واقعہ ساگری کے قریب پیش آیاجہاں ایک غریب سبزی فروش جو اپنے رکشے پرگاؤں گاؤں جا کر بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے سبزی فروخت کر رہا تھا کہ اسی دوران نامعلوم ڈاکوؤں نے اسے روک کر گن پوائنٹ پر اسے اس کی دن بھر کی محنت سے محروم کر دیا اور مزاحمت کرنے پر اسے گولی مار کر زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو جانے میں کامیاب ہو گئے۔ سبزی فروش کا نام معلوم نہ ہو سکا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر