،سعودی عرب کی ضمانت ، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک پاکستان کو 500اعب روپے قرضے دینے پر رضامند
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان نے سعودی حمایت یافتہ بینک سے 500ارب روپے قرضہ لینے کی تیاری پکڑ لی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’فنانشل ٹائمز‘میں شائع ہونیوالی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی کرنسی کا سٹاک خطرناک حد تک کم ہونے کے بعد اس کی بحالی کیلئے پاکستان سعودی عرب کے حمایت یافتہ اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے 500ارب روپے قرضہ لینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔فنانشل ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے دو افسران نے بتا یا ہے کہ جدہ میں قائم بینک نے عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد اسلام آباد کو قرضہ د ینے کیلئے رضا مندی ظاہر کردی ہے،ان کا کہنا تھا متوقع وزیر خزانہ اس قرضے کو قبول کرلیں گے۔اسلام آباد میں ایک سینئر مشیر نے بتا یا اس سلسلے میں کاغذی کارروائی جاری ہے اور اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اس قرضے کی منظوری دینے کیلئے پاکستانی حکومت کے چارج سنبھالنے کا انتظار کررہا ہے۔رپورٹ کے مطابق گو کہ رواں معاشی سال میں یہ قرضہ 25بلین ڈالر کے فنانسنگ گیپ کو مکمل نہیں کرسکتا لیکن اس سے سہا را ملے گا۔وزارت اعظمیٰ سنبھالنے کے بعد عمران خان کیلئے سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ اپنے اخراجات کے مسائل کو متوازن کیا جا سکے ، بہت زیادہ در آمد ات اور جمود کا شکار برآمدات مسائل کی وجہ بن رہی ہے۔افسران کا کہنا ہے اس قرضے سے درآمد ہونیوالے تیل کی قیمت ادا کرنی ہے۔اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کیساتھ معاملات طے کرنیوالے ایک افسر نے بتا یا یہ قرضہ سعودی حکومت کی حمایت سے حاصل کیا جا رہا ہے کیونکہ سعودی عرب پاکستان کو موجودہ مسائل سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔پاکستان کی جانب سے سعودی عرب میں فوجی دستے بھیجے جانے کے بعد اب پاکستان اور سعودی عرب قریب آگئے ہیں۔