سعودی عرب اور کینیڈا کا جھگڑا، پاکستان بھی درمیان میں کود پڑا، ایسا کام کر دیا کہ پاکستانی بھی دنگ رہ جائیں گے

سعودی عرب اور کینیڈا کا جھگڑا، پاکستان بھی درمیان میں کود پڑا، ایسا کام کر ...
سعودی عرب اور کینیڈا کا جھگڑا، پاکستان بھی درمیان میں کود پڑا، ایسا کام کر دیا کہ پاکستانی بھی دنگ رہ جائیں گے

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان ان دنوں شدید جھگڑا چل رہا ہے اور سعودی عرب کینیڈا کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات بھی منقطع کر چکا ہے اور وہاں سے اپنے طالب علموں کو بھی دیگر ممالک میں منتقل کر چکا ہے۔ پاکستان بھی اب اس جھگڑے میں کود پڑا ہے اور ایسا کام کر دیا ہے کہ سن کر پاکستانی دنگ رہ جائیں گے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق پاکستان نے اس جھگڑے میں کھل کر سعودی عرب کی حمایت کر دی ہے۔ گزشتہ روز ترجمان دفترخارجہ نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں اس حوالے سے کہا کہ ”پاکستان کو سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان جاری کشیدگی پر سنگین تحفظات لاحق ہیں۔ ہم صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور پہلے ہی اس معاملے میں سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کر چکے ہیں۔“

رپورٹ کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ”پاکستان نے ہمیشہ ممالک کی خودمختاری کی حمایت کی ہے اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ یہ دونوں پہلو اقوام متحدہ کے چارٹر میں واضح طور پر بیان کیے گئے ہیں۔ ہم ممالک کے درمیان پرامن اور دوستانہ تعلقات کے حامی ہیں۔پاکستان نہ صرف اصولی طور پر بلکہ سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات کی بنیاد پر بھی اس کی خودمختاری کے تحفظ میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔“سعودی عرب اور کینیڈا کا جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب کینیڈا نے سعودی عرب میں موجود خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کے ساتھ برے سلوک اور ان کی گرفتاریوں پر سعودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس تنقیدپر سعودی عرب نے جوابی اقدام کرتے ہوئے کینیڈا کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات منقطع کرتے ہوئے اس کے سفیر کو ملک سے نکال دیا۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد