”” میں نے عمران خا ن سے پہلے ہی کہا تھا کہ “پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے نامزد سپیکر کے امیدوار اسد قیصر میدان میں آ گئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کے سپیکر کیلئے باضابطہ امیدوار اسد قیصر نے کہاہے کہ عمران خان سے پہلے ہی کہا تھا کہ آپ جو فیصلہ کریں گے قبول کروں گا ۔
نجی ٹی وی جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسدقیصر کا کہناتھا کہ میں نے زندگی کے 22 سال عمران خان کے ساتھ گزارے ہیں، اس عرصے میں ہم نے بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، ہم نے ایک سوچ، وژن اور نظریے لیے عمران خان کا ساتھ دیا کسی عہدے کے لیے نہیں،کوشش ہو گی کہ عمران خان کے اعتماد پر پورا اتروں۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایوان کو چلانے کا تجربہ ہے اور کوشش ہو گی کہ پاکستان کی خاطر اور اس ملک کے عوام کی خاطر سب کو ساتھ لے کر چلیں، کوشش کروں گا کہ اپوزیشن کوساتھ لےکر چلوں ، ہاؤس میں کوشش کروں گا ایسا ماحول ہو کہ سب کوحق ملے۔ایک سوال کے جواب میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کا کہنا تھا خیبر پختونخوا میں بھی ہمیں تقریباً ایسی ہی صورت حال کا سامنا تھا لیکن ہم نے ایوان کو اچھے ماحول میں چلایا، قومی اسمبلی میں بھی سب کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا پورا پورا موقع دینے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے کچھ دیر قبل پریس کانفرنس میں قومی اسمبلی کے سپیکر کیلئے اسد قیصر کے نام کا اعلان کیاتھا اور کہا تھا کہ چوہدر ی سرور پنجاب کے گورنر ہوں گے ۔