پاپ کوئین نازیہ حسن کی 19 ویں برسی 13اگست کو منائی جائے گی
لاہور(فلم رپورٹر)پاپ کوئین نازیہ حسن کی 19 ویں برسی 13اگست کو منائی جائے گی۔نازیہ حسن نے 15سال کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا ان کی گائیکی سے متاثر ہوکر بھارتی پروڈیوسر وڈائریکٹر فیروز خان نے ان کو اپنی فلم ”قربانی“ کے گانے کیلئے منتخب کرلیا۔ نازیہ حسن نے فلم قربانی میں گانا آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے گا کر چاروں طرف اپنی خوبصورت آواز کا جادو بکھیر دیا اوراس گانے نے نازیہ حسن کو راتوں رات سپرسٹار بنا دیا۔ نازیہ حسن کا پہلا البم ”ڈسکو دیوانے“ 1982 میں ریلیز ہوا جس نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کئے۔ اس البم میں ان کے بھائی زوہیب حسن نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔ڈسکو دیوانے کے بعد اگلے دس سالوں میں نازیہ کے چار مزید البم بوم بوم،ینگ ترنگ، ہاٹ لائن اور کیمرہ کیمرہ ریلیز ہوئے۔نازیہ حسن کینسرجیسے موذی مرض میں مبتلا ہوئیں۔اور 13اگست 2000کو جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔