اسلام آباد ٹریفک پولیس کا جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ٹریفک پلان جاری

اسلام آباد ٹریفک پولیس کا جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ٹریفک پلان جاری
اسلام آباد ٹریفک پولیس کا جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ٹریفک پلان جاری

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ٹریفک پلان جاری کر دیا ،400افسران و اہلکار سپیشل ڈیوٹی پر تعینات ،یوم آزادی کی تقریب کے لئے خصوصی ڈائیورشن پلان ترتیب، صبح 6بجے سے اختتام پروگرام تک اسلام آباد کی حدود میں مختلف روڈ بند رہیں گے،خصوصی سکواڈ بھی تشکیل دے دیئے گئے جو 13اور 14اگست کو شہر میں  ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں گے،جو شہر کی مختلف شاہراہوں پر تعینات ہونگے،ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں،خطرناک ڈرائیونگ اوراور ہیوی سائلنسر والی گاڑیوں،موٹر سائیکلوں  کے خلاف سختی سے کریک ڈاؤن کیا جا ئے گا اور قانونی کارروائی کی جائیگی۔

تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات کے لئے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا ہے جس کے مطابق کنونشن سنٹر میں ہونے والی تقریب کے لئے ایس ایس پی،ایس پی،3ڈی ایس پیز،17انسپکٹرز سمیت400افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں،14اگست کے لئے ترتیب دیئے گئے ڈائیورشن پلان کے مطابق آبپارہ چوک سے کشمیر ہائی وے پر کوڑیانوالہ چوک تک آنے جانے والی ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی، پشاور اور لاہور سے مری جانے کے لئے زیرو پوائنٹ سے فیض آباد براستہ مری روڈ سے مری جا سکے گے، سہروردی ایمبیسی روڈ سے سرینا تک آنے جانیوالی ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی اور متبادل بازار چوک ،سرفراز روڈ، شہید ملت روڈ اور میونسپل روڈاستعمال ہو گا ۔سیکریٹریٹ چوک سے کنونشن سنٹر تک شاہراہ جمہوریت پر آنے جانے والی ٹریفک بند رہے گی،شہری ایوب چوک ،میریٹ ہوٹل براستہ مارگلہ روڈ استعمال کریں،بری امام سے ریڈیو پاکستان تک آنے جانے والی ٹریفک بند رہے گی متبادل تھرڈروڈ استعمال ہو گا،کشمیر چوک سے سرینا ہوٹل تک آنے جانے والی ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی ،راول ڈیم سے فیض آباد،زیروپوائنٹ ،فیصل ایونیو ،مارگلہ روڈ استعمال کر سکیں گے،کلب روڈ  یو ٹرن سے مری جانے والی ٹریفک کوڑیانوالہ چوک تک ون وے استعمال کرے گی ۔جہاں جہاں روڈ بند ہوں گے وہاں ٹریفک پولیس شہریوں کی رہنمائی کے لئے موجود ہو گی اور ٹریفک کو متبادل راستے دیئے جائیں گے ۔

اس موقع پر آئی ٹی پی ریڈیو ایف ایم 92.4 بھی لمحہ بہ لمحہ شہریوں کو ٹریفک کی صورت حال سے با خبر رکھے گا، اور موقع پر ڈائیورشن اور متبادل راستوں کے بارے میں آگاہی دے گا ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 13،14اگست پر ویلنگ کرنے والوں موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں ،خطرناک ڈرائیونگ کرنیوالوںاور ہیوی سائلنسروالی گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے تمام زون کے انچارج صاحبان کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کسی صورت رعائت نہ برتی جائے اور موٹر سائیکل کی آلٹریشن کرنے والے موٹر سائیکل مکینکوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے۔تشکیل دیئے گئے سپیشل سکواڈز 13,14اگست کو اسلام آباد کی اہم شاہراہوں جس میں کشمیر ہائی وے ،ایکسپریس ہائی وے،فیصل ایونیو،مری روڈ،سیونتھ ایونیو ،نائنتھ ایونیو،پارک روڈ سمیت دوسری شاہراہوں پر ناکہ جات لگا کر ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں ،خطرناک ڈرائیونگ کرنیوالوں اور ہیوی سائلنسروالی گاڑیوں،موٹر سائیکلوں  کے خلاف کاروائی کرینگے۔ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشیدنے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ والے موٹر سائیکل ہر گز استعمال نہ کرنے دیں بصورت دیگرقانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کی موٹر سائیکل ،گاڑی تھانہ میں بند کر دی جائے گی تا کہ حاد ثات پر مکمل طور پر قابو پایا جا سکے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد