مسجد میں گانے کی شوٹنگ ، اہم سرکاری عہدیدار کو معطل کردیا گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تاریخی مسجد وزیر خان میں گانے کا سین عکسبند کرنے کے معاملے پر منیجر اوقاف کو معطل کردیا گیا۔
منیجر اشتیاق احمد نے غیر قانونی طور پر مسجد میں شوٹنگ کی اجازت دی تھی، انہیں ڈائریکٹر انکوائری کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ منیجر اوقاف کو صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب سید سعید الحسن شاہ کی ہدایت پر معطل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے لاہور کی تاریخی جامع مسجد وزیر خان میں اپنے نئے گانے "قبول" کی شوٹنگ کی تھی جس پر انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا ہے، اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے بھی دونوں فنکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے رکھا ہے۔ گلوکار بلال سعید نے اتوار کے روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مسجد میں شوٹنگ کے معاملے پر معافی بھی مانگی ہے۔