شلجم کی فصل کی اگیتی کاشت اگست میں شروع کی جائے

      شلجم کی فصل کی اگیتی کاشت اگست میں شروع کی جائے

  

فیصل آباد  (اے پی پی):ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شلجم کی فصل کی اگیتی کاشت رواں ماہ اگست میں شروع کردیں جبکہ شلجم کی کاشت کے لیے بہتر نکاس والی میا زمین کا انتخاب کریں اور کاشت سے قبل کھیت کی تیاری کے لیے ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والاہل چلائیں۔انہوں نے کہا کہ ہر دفعہ ہل چلانے کے بعد سہاگہ دے کر زمین کو اچھی طرح نرم اور بھربھراکرلیں نیز کاشت کے وقت 1بوری ڈی اے پی اور 1بوری پوٹاش فی ایکڑ استعمال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شلجم کی اقسام دیسی سرخ،پرپل ٹاپ،گولڈ ن بال(فیصل آباد) کاشت کریں۔علاوہ ازیں فصل کو پھپوندی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچانے کے لیے بیج کو محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کی سفارش کردہ زہر لگا کر کاشت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے اگاؤ کے لیے ایک کلو گرام صحتمند اور بہتر شرح اگاؤ والا بیج استعمال کریں جبکہ کاشت سے پہلے کھیت کو 10-10مرلہ کے حصوں میں تقسیم کرکے 75سینٹی میٹر کے فاصلہ پر پٹڑیاں بنالی جائیں جبکہ پٹڑیوں پر بیج لگانے کے بعد کھیت کو پانی لگا دیا جائے۔ 

مزید :

کامرس -