موسمی مکئی اگست کے وسط تک کاشت کیجاتی ہے، محکمہ زراعت

موسمی مکئی اگست کے وسط تک کاشت کیجاتی ہے، محکمہ زراعت

  

لاہور(سٹی رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق موسمی مکئی اگست کے وسط تک کاشت کی جاتی ہے۔ مکئی زرخیز زمین میں کاشت کی جاتی ہے۔ ریتلی اور کلر اْٹھی زمین مکئی کیلئے موزوں نہیں ہوتی۔ کاشتکار مکئی کی کاشت کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی منظور شدہ عام اقسام پرل2011،ایم ایم آر آئی ییلو2011،ملکہ2016،گوہر2016،ساہیوال گولڈ،سمٹ پاک،پاپ1،سویٹ1 یا ہائبرڈ اقسام ایف ایچ949،وائی ایچ1898،ایف ایچ1046،ایف ایچ 1036،وائی ایچ5427 استعمال کریں۔ زمین کی تیاری کیلئے اِس میں تین سے چار مرتبہ ہل اور سہاگہ چلائیں۔ اگر زمین کی تہہ سخت ہے تو پہلی دفعہ اِس میں پلٹنے والا ہل چلائیں۔بارانی علاقوں میں مکئی بذریعہ ڈرل کاشت کی جاتی ہے اور اسکا شرح بیج 12 سے 15 کلوگرام فی ایکڑ ہوتا ہے۔ نہری علاقوں میں مکئی چوپے سے کاشت کی جاتی ہے اور اسکا شرح بیج 8 سے 10 کلوگرام فی ایکڑ ہوتا ہے۔ نہری علاقوں میں موسمی مکئی کی کاشت کیلئے کھیت میں اڑھائی فٹ باہمی فاصلے کی شرقاً غرباً وٹیں بنائیں۔

 ہلکا پانی لگانے کے فوراً بعد نمی پہنچنے سے پہلے وٹوں کی ڈھلوان پر مکئی کا ایک ایک بیج بذریعہ چوپا لگائیں۔ بیج شمال کی سمت لگائیں تاکہ دھوپ کم پڑے اور نمی کی وجہ سے اْگاؤ اچھا ہو۔ ہائبریڈ اقسام شمالاً جنوباً وٹوں کی ڈھلوان پر ہلکے پانی کے بعد 6 سے 8 انچ پر لگائیں اور بہتر پیداوار کیلئے 4 سے 5 دن کے بعد فصل کو پانی ضرور لگائیں۔ بارانی علاقوں میں مکئی ڈرل، پلانٹر یا کیرا سے کاشت کریں۔

مزید :

کامرس -