دامن صاف، ڈرنے کی ضرورت نہیں، نیب 10بار بھی بلائے تو جاؤں گا: عثمان بزدار

دامن صاف، ڈرنے کی ضرورت نہیں، نیب 10بار بھی بلائے تو جاؤں گا: عثمان بزدار

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر شادمان مارکیٹ پارک لاہور میں پودا لگا کر صوبہ بھر میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شادمان مارکیٹ پارک میں انجیر کا پودا لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر شجرکاری مہم کے افتتاح پر ٹائیگر فورس کے جوانوں اور عثمان ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ٹائیگر فورس ڈے پر پنجاب بھر میں 12لاکھ سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں اور صوبہ بھر میں 522 تقریبات میں پودے لگائے جا رہے ہیں۔ لاہور میں 51 مقامات پر ایک لاکھ 60 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ لاہور میں اربن فاریسٹ کے فروغ کیلئے 154 کنال رقبے پر 62 اقسام کے پودے لگائے جا رہے ہیں جبکہ شادمان مارکیٹ پارک میں پودے لگانے کی جاپانی تکنیک میاواکی کے تحت جنگل بسایا جا رہا ہے۔ جنگل میں 9 ہزار سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں جو چند ماہ میں درخت بنیں گے۔ میاوا کی جدید ٹیکنالوجی ہے جس کے تحت لگائے گئے پودے عام پودے کی نسبت 10 گنا تیزی سے بڑھتے ہیں اور یہ پودے 40 گنا زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف شروع دن سے ہی منظم پراپیگنڈا چل رہا ہے اور اس پراپیگنڈے کا روزانہ جواب بھی دیتے ہیں۔ میں نے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اپنے فرائض قواعد و ضوابط  اور قانون کے مطابق سرانجام دیئے ہیں اور دے رہا ہوں۔ حکومت کے تمام امور رولز آف بزنس کے تحت چلتے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے اور رولز آف پروسیجر پر عملدرآمد کیا ہے۔ میں اس سے قبل بھی سپریم کورٹ، لاہور ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ اور ایف آئی اے میں پیش ہو چکا ہوں اور اب نیب میں بھی پیش ہوں گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ایک بار نہیں 10 بار بھی نیب بلائے تو ہم جائیں گے۔جب ہمارا دامن صاف ہے تو پھر ڈر کیسا۔ کبھی غلط کام کیا ہے نہ کسی کو کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آپ پہلے فائل دیکھیں کیا اس میں وزیراعلیٰ آفس کا ذکر ہے۔ جس فائل کی آپ بات کر رہے ہیں، اس میں کہیں وزیراعلیٰ آفس کا تعلق نہیں۔ سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہیئے۔ ریکارڈ موجود ہے۔ آپ فائل اور دستاویزات پڑھ لیں سب کچھ واضح ہو جائے گا،روزانہ متعدد فائلیں چلتی ہیں اور ہر فائل وزیراعلیٰ کے پاس نہیں آتی۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ نے بلا رنگ و نسل خدمت کرکے انسانیت کا سر بلند کیا اور بلاشبہ ڈاکٹر رتھ فاؤ طبی شعبہ سے وابستہ افراد کیلئے رول ماڈل ہیں۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ نے اپنی زندگی دکھی انسانیت کے لئے وقف کررکھی تھی اور مریضوں کی دن رات دیکھ بھال کرکے ڈاکٹر رتھ فاؤ نے اعلیٰ مثال قائم کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں جذام اور ٹی بی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے جذام کے خاتمے کا کریڈٹ ڈاکٹر رتھ فاؤ کی شبانہ روز محنت اور کاوشوں کو جاتا ہے۔ سردار عثمان بزدارنے بلوچستان اور سندھ میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کیا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -