کورونا سے مزید 15اموات، 571نئے کیس بھی رپورٹ، ملک بھر میں ہوٹل سیاحتی مقامات، مزارات کھل گئے

کورونا سے مزید 15اموات، 571نئے کیس بھی رپورٹ، ملک بھر میں ہوٹل سیاحتی مقامات، ...

  

 اسلام آباد(آئی این پی) ملک میں کورونا کا زور ٹوٹتے ہی سیاحتی مقامات اور ہوٹل کھل گئے۔ کل سے جم، تھیٹرز، اور سینما ہالز بھی کھول دیئے جائیں گے، آج سے ریسٹورنٹس، کیفے کھل جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے اور شادی ہالز 15 ستمبرسے کھولے جا سکتے ہیں، آج سے ایکسپو ہالز، بیوٹی پارلر اور مزارات بھی کھل جائیں گے۔ مارکیٹس میں ہفتے کی چھٹی کی پابندی کوبھی ختم کیا جا رہا ہے، تاجر پرانے طریقہ کار کے مطابق دکانیں کھول سکتے ہیں۔ پبلک پارکس و د یگر مقامات کھول دیئے جائیں گے، کبڈی، کشتی، رگبی کے علاوہ باقی اسپورٹس کی اجازت ہو گی۔ کل سے جم، تھیٹرز اور سینما ہالز کھل جائیں گے۔ روڈ ٹرانسپورٹ پر بھی تمام بندش ختم کر دی گئیں۔ میٹرو سروس بھی آج سے فعال ہو جائے گی تاہم کھڑے ہوکرسفرکی اجازت نہیں ہوگی۔ حکومت بلوچستان نے بھی صوبے میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت کاروباری مراکز کے اوقات کار کو ختم کر دیاہے۔ حکومت بلوچستان نے صوبے میں دکانوں، اسٹورز اور مارکیٹوں سمیت تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز میں اوقات کار کی پابندی کو ختم کر دیا گیا ہے۔صوبائی حکومت نے صوبے کے تجارتی مراکز کے لیے جمعہ کو ایک دن کا اسمارٹ لاک ڈاون بھی ختم کر دیا۔ادھر خیبر پختونخوا حکومت نے بھی شادی ہالز اور تعلیمی اداروں کے سواء باقی شعبوں پر عائد لاک ڈاؤن ختم کردیا۔

لاک ڈاؤن

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں کورونا سے مزید 15 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6094 ہوگئی جبکہ مزید571 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مر یضو ں کی تعداد 284503 تک جاپہنچی۔اب تک پنجاب میں 2169، سندھ میں 2272 اور خیبر پختونخوا میں 1231 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں 171، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں 58 افراد کا انتقال ہوا ہے۔ملک بھر سے کورونا کے مزید 571 کیسز اور 15 ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں جن میں سندھ سے 10 ہلاکتیں اور 303 کیسز، پنجاب سے 3 ہلاکتیں اور 137 کیسز اور خیبر پختونخوا سے ایک ہلاکت اور 57 کیسز جبکہ بلوچستان سے ایک ہلاکت اور22 کیسز سامنے آئے۔اس کے علاوہ اسلام آباد سے 27 کیسز، گلگت بلتستان سے 20 کیسز اور آزاد کشمیر سے 5 کیسز رپورٹ ہوئے۔خیبر پختو نخوا میں کورونا کے باعث مزید ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1231 ہوگئی۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 57 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 34692 ہوگئی۔کے پی میں اب تک 31612 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔پنجاب سے کورونا کے 137 کیسز اور 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 94360 اور ہلاکتیں 2169 ہو گئی ہیں۔ صو بے میں اب تک کورونا کے 86266 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 27 کیسز سامنے آئی ہے جس کی تصدیق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے کی گئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 15241 ہو گئی ہے جبکہ اب تک کورونا سے 171 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ وفا قی دارالحکومت میں کورونا سے متاثرہ 12914 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان سے کورونا کے مزید 20کیسز سامنے آئے۔این سی او سی کے مطابق گلگت میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 2321 اور اموات کی تعداد 55 ہو گئی ہے جبکہ 1902 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔آزاد کشمیر سے کورونا کے مزید 5 کیسز رپورٹ ہوئے۔این سی او سی کے مطابق آزاد کشمیر میں اب تک مجموعی طور پر 2134 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وہاں اموات کی تعداد 58 ہے۔آزاد کشمیر میں اب تک 1883مریض کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔سندھ میں کورونا کے باعث مزید 10 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 2272 ہوگئی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 303 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 849 تک جاپہنچی ہے۔صوبے میں اب تک 115741 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔اتوار کو بلوچستان میں کورونا سے مزید ایک اور شخص جان کی بازی ہارگیا جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 138 ہوگئی۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 22 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 11906 تک جاپہنچی ہے۔اس کے علاوہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 10372 مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

کورونا اموات

مزید :

صفحہ اول -