ٹرمپ کا بیروز گار امریکیوں کی امداد، چھوٹے کاروباری اداروں کو ٹیکس کی چھوٹ جاری رکھنے کا اعلان 

        ٹرمپ کا بیروز گار امریکیوں کی امداد، چھوٹے کاروباری اداروں کو ٹیکس کی ...

  

 واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیروزگار امریکیوں کے لئے مالی امداد کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے ان کی نیوجرسی میں اپنے ذاتی گالف کورس میں ایک نیوز کانفرنس کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ نے لا کھوں بیروزگار امریکیوں کو معاشی امداد کے ختم ہونے والے پیکیج کو مزید توسیع دے دی ہے۔ اس مقصد کیلئے انہوں نے ہفتے کے روز ایک ایگزیکٹو آرڈر اور تین یادداشتوں پر دستخط کردیئے ہیں۔ اس وقت امریکی شہریوں کیلئے کرونا وائرس سے ریلیف کیلئے ایک نیا امدادی پیکیج کانگریس کے ارکان اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان زیربحث ہے جس پر اتفاق رائے میں تاخیر ہونے کی بناء پر صدرٹرمپ نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے امداد کا اعلان کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے بیروزگاری الاؤنس کی ادائیگی میں مزید توسیع کے ساتھ چھوٹے کاروباری اداروں کو ٹیکس میں چھوٹ کے پہلے فیصلے کو آئندہ بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر کے نئے احکامات کے باعث جہاں لاکھوں بیروزگار امریکیوں کی سہولت میں اضافہ ہوگاوہاں ایک لاکھ ڈالر تک آمدنی رکھنے والوں کو ٹیکس میں چھوٹ حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ جن طالبعلموں نے تعلیم کیلئے قرضے لے رکھے ہیں ان کی واپسی میں بھی مزید توسیع کردی گئی ہے۔ صدر نے قبل ازیں حکم دیا تھا کہ مالکان پر کرایہ داروں کو عدم ادائیگی پر گھروں سے بے دخل کرنے پر پابندی عائد کی تھی اس سابقہ حکم میں مزید توسیع کرکے اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس وقت کرونا وائرس سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے امریکیوں کیلئے زیرغور پیکیج تعطل کا شکار ہے کیونکہ صدر کے موقف کے مطابق مخالف ڈیموکریٹک ارکان نے پیکیج بل میں کرونا وائرس کے علاوہ دوسرے معاملات میں امداد کی رقوم بھی اس بل میں شامل کرلی ہیں۔

صدر ٹرمپ

مزید :

صفحہ اول -