مسجد وزیر خان میں گانے کی عکس بندی،انضباطی کارروائی کا حکم 

مسجد وزیر خان میں گانے کی عکس بندی،انضباطی کارروائی کا حکم 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر،نیوز رپورٹر) لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں گانے کی عکس بندی پر ترجمان وفاقی حکومت نے سخت ردعمل جبکہ پنجاب حکومت نے سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسجد کی بے حرمتی کے واقعہ پر محکمہ اوقاف کے صوبائی وزیر سید سعید الحسن شاہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کراتے ہوئے صبا قمر اور بلال سعید کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صبا قمر فرما رہی ہیں مسجد میں صرف نکاح کا سین شوٹ کیا تھا۔یہ چندفنکار کس قدر دیدہ دلیری سے جھوٹ بول رہے ہیں، فنکار اور ادیب معاشرے میں اخلاقیات کو پروان چڑھاتے ہیں۔مسجد کی بے توقیری کسی صورت قبول نہیں۔ صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے کہا ہے کہ مساجد اور مقدس مذہبی مقامات کا تقدس ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے مسجد وزیر خان میں مبینہ طور پر گانے کی عکس بندی کے واقعہ پہ سخت ایکشن لیتے ہوئے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر ارشاد احمد کو  ہدایت کی ہے کہ وہ کو ذمہ دار اہل کاروں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے سات روز کے اندررپورٹ دیں۔ ڈائریکٹر فنانس عبدالوحید کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ سیکرٹری اوقاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذمہ دار اہل کاروں یاپروڈ کشن فرم کی طرف سے خلاف ورزی پر قواعدو ضوابط کے تحت انضباطی کا روا ئی عمل میں لائیں۔ صوبائی وزیر اوقاف نے کہا ہے کہ ایسے غیر ذمہ درانہ واقعات کو ہر گزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔مساجد اور مقدس مذہبی مقامات کا تقدس کسی صورت پامال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مساجد میں بیہودہ گانوں کی شوٹنگ،ماڈلنگ اور شادی فوٹو شوٹ اسلامی تشخص تباہ کیا جارہا ہے۔تاریخی مسجد وزیر خان میں فلم کے لئے گانوں پر رقص کی شوٹنگ محکمہ اوقاف کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام تاریخی مسجد وزیر خان کے تقدس کی پامالی پر دہلی دروازہ سرکلر روڈ پر احتجاجی مظاہرے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ذکر اللہ مجاہد نے حکومت اور اعلی عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر ایسا قانون پاس کروائے جس میں مقدس مقامات کا احترام ہر طرح سے ملحوظ خاطر رکھا جائے اور تاریخی مسجد میں پیش آنے والے افسوسناک واقع کے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
مسجد،عکسبندی 

مزید :

صفحہ اول -