خیبر پختونخوا میں 1ارب 20کروڑ درخت لگائے جائینگے: کامران بنگش

      خیبر پختونخوا میں 1ارب 20کروڑ درخت لگائے جائینگے: کامران بنگش

  

 پشاور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے ورلڈ اربن فارسٹ اور ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر جاری اپنے ویڈیوپیغام میں کہا ہے کہ ملکی سطح پر منائے جانے والے اربن فارسٹ و ٹائیگرفورس ڈے بارے صوبہ بھر میں 853 جگہوں پر شجر کاری مہمات کی تقاریب منعقد کی گئیں اور دو ہزار ایکٹر زمین پر بیس لاکھ پودے لگائے گئے۔ چاروں ریجنز اور ساتوں ڈویژنز میں کابینہ ممبران، اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں ضلعی انتظامیہ، آن لائن ڈیپارٹمنٹس، محکمہ جنگلات اور ٹائیگر فورس کی مدد سے شجرکاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات نے شجرکاری مہم میں سبقت لیتے ہوئے اربن فارسٹیشن کیلئے مردان میں چار سو کنال کی زمین فراہم کی ہے جہاں انہوں نے خود درخت لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ معاون خصوصی کے مطابق ٹائیگر فورس نے کرونا وبا کے سد باب سمیت عوامی آگاہی مہمات میں کلیدی کردار ادا کرکے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دن  میں بیس لاکھ پودے لگانا کسی بھی ادارے کیلئے عوام اور رضاکاروں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تاہم ٹائیگر فورس کی رضاکارانہ خدمات نے آج پختونخوا میں یہ ممکن بنایا دیا ہے۔ معاون خصوصی نے بلین ٹری فارسٹیشن کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں نے پاکستان میں شجرکاری کیلئے اُٹھائے جانیوالے ا قدامات کو سراہاہے اور پختونخوا میں ایک ارب لگنے والے درختوں کی کامیابی پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستان بھر میں دس ارب درخت لگانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جس میں سے پختونخوا میں ایک ارب بیس کروڑ درخت لگائے جائینگے۔ کامران بنگش کے مطابق شجرکاری سے نہ صرف پاکستان سے ماحولیاتی تغیر کے بُرے اثرات ختم ہوجائینگے بلکہ گلوبل وارمنگ کو متوازن رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین پاکستان کے ویژن کی تکمیل کیلئے وزیراعلیٰ محمود کی قیادت میں گرین پختونخوا کیلئے ہنگامی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ 

مزید :

صفحہ اول -