گزشتہ 5سالوں میں ایک ارب پودے لگانے کا کامیاب تجربہ کر چکے: محمود خان 

گزشتہ 5سالوں میں ایک ارب پودے لگانے کا کامیاب تجربہ کر چکے: محمود خان 

  

 پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ریگی للمہ ٹاؤن اور باچا خان ایئر پورٹ پشاور میں ٹائیگر فورس ڈے کے حوالے سے منعقدہ شجرکاری مہم میں شرکت کی۔ اُنہوں نے پودے لگا کر مہم کا باضابطہ اجراء کیااور کہاکہ گرین پاکستان وژن کے مطابق خیبرپختونخوا کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے کوشاں ہیں، رواں پانچ سالوں کے دوران صوبہ بھر میں ایک ارب 20 کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ ریگی للمہ ٹاؤن میں ٹائیگر فورس شجرکاری مہم کے اجراء کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ ٹائیگر فورس ڈے کی مناسبت سے شجرکاری مہم میں شریک لوگوں کے جذبات خصوصی طور پر ٹائیگر فورس کے جوانوں کا ولولہ قابل ستائش ہے۔ صوبے کے عوام اور صوبائی حکومت کیلئے شجرکاری کوئی نیا اقدام نہیں ہے، ہم پچھلے پانچ سالوں میں صوبے میں ایک ارب 20 کروڑ پودے لگانے کا کامیاب تجربہ کر چکے ہیں، جس کو دُنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے۔ قومی سطح پر 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت خیبرپختونخو امیں مزید ایک ارب 20 کروڑ سے زائد پودے لگانے کا ہدف ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبہ بھر میں شجرکاری زور و شور سے جاری ہے، ٹائیگر فورس کی شجرکاری میں شرکت خوش آئند ہے، ہم ٹائیگر فورس کے جوانوں کی استعداد کار سے بھر پور فائدہ اُٹھائیں گے اور عوامی فلاح کے دیگر منصوبوں میں بھی ٹائیگر فورس کی خدمات سے استفادہ کریں گے۔ ٹائیگرفورس ڈے کے موقع پر صوبے کے 853 مقامات پر شجرکاری مہمات کا انعقاد کیا گیا، جن کے تحت صرف پشاور ڈویژن میں 10 لاکھ جبکہ صوبے کے باقی ڈویژنز میں 25 لاکھ پودے لگائے گئے۔ صوبائی کابینہ کے اراکین، سنییٹرز، اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں شجرکاری مہمات کی قیادت کی۔ قبل ازیں باچا خان ایئر پورٹ پشاور میں شجرکاری کے موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفینگ دیتے ہوئے ایئر پورٹ منیجر عبید الرحمن عباسی نے بتایا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان سول ایوایشن اتھارٹی نے بھی سرسبز پاکستان شجرکاری مہم کا اجراء کیا ہے۔ باچا خان ایئر پورٹ پر گرین بیلٹ ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ رواں سیزن کے دوران سیدو شریف ایئر پور ٹ، پاراچنار ایئر پورٹ، بنوں ایئر پورٹ اور ڈی آئی خان ایئر پورٹ پر بھی شجرکاری  جاری رہے گی۔ مہم کے دوران مختلف ایئر پورٹس پر مجموعی طور پر 3 ہزار سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔صوبائی وزراء اشتیاق ارمڑ، تیمور سلیم جھگڑا، معاون خصوصی کامران بنگش، ایم پی اے پیر فدا، سیکرٹری جنگلات، کمشنر پشاور،محکمہ لوکل گورنمنٹ، پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام، ٹائیگرفورس کے جوانوں اور کثیر تعداد میں مردو خواتین نے تقریب میں شرکت کی اور شجرکاری میں حصہ لیا۔

مزید :

صفحہ اول -