شادی میں ناکامی پر نوجوان نے محبوبہ کے شوہر کو ولیمے کے اگلے روز ہی قتل کر دیا 

    شادی میں ناکامی پر نوجوان نے محبوبہ کے شوہر کو ولیمے کے اگلے روز ہی قتل کر ...

  

 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقہ مصطفی آباد میں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان کو اس کی شادی کے تیسرے روز ہی فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔اندھا دھند فائرنگ سے مقتول کا چھوٹا بھائی اور بہن بھی زخمی ہو گئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے چند گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ریحان پورہ مریدکے کے رہائشی 19 سالہ ثقلین عباس کی شادی5 اگست کو غازی آباد کی رہائشی رمشا مصطفی سے سر انجام پائی۔ مقتول کے والد کے مطابق ولیمے کے اگلے روز وہ اہلخانہ اور عزیزواقارب کے ہمراہ اپنی بہو اور بیٹے کو اس کے سسرال سے واپس لے کرموٹر سائیکل رکشہ پرگھر جارہا تھا، بیجنگ انڈرپاس کے قریب دو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجہ میں  اس کا بیٹا ثقلین موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کا بھائی حسین اور ہمشیرہ علیشا گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔مقتول کے والد نے الزام لگایا کہ اس کی بہو رمشا کے کسی کے ساتھ تعلقات تھے جس بنا پر اس کے بیٹے کو ناحق قتل کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ مقتول ثقلین عباس 4 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے قتل کرنے والے ملزما ن کی بروقت گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔ گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم شاہ میر اور ساتھی عثمان عرف کدو شامل ہیں۔ ملزمان سے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا گیا جبکہ واردات میں استعمال موٹر سائیکل بھی قبضہ میں لے لی۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم شاہ میر نے عشق میں ناکامی پر اپنے ساتھی کی مدد سے ثقلین کو قتل کیا ہے۔ 

دلہا قتل 

مزید :

صفحہ آخر -