حکومت روزاول سے شجرکاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے: شوکت یوسفزئی 

حکومت روزاول سے شجرکاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے: شوکت یوسفزئی 

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر) کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے ٹاؤن چوک بنوں میں پودا لگا کر ٹائیگر فورس پلانٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔شجرکاری کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس لیے موجودہ حکومت روزِ اول سے شجرکاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے ملک اور قوم کو بچایا جا سکے۔ان خیالات اظہار کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے ٹاؤن چوک میں باقاعدہ پودا لگا کر ٹائیگر فورس پلانٹیشن کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں شجرکاری اس لئے بھی زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے کہ فضا میں زہریلی گیسوں کا تناسب سب سے زیادہ ہے اور آلودگی کو کم کرنے کیلئے شجر کاری ہی واحد ذریعہ ہے اس لئے حکومتی وژن کے مطابق گرین پاکستان کے خواب کو پورا کرنے کیلئے شجرکاری کو مرکزی اہمیت دی جا رہی ہے۔ کمشنر نے کہا کہ قدرتی آفات انہی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آرہی ہیں اس لئے قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کرنے اور آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری ہونی چا ہیے۔ اس موقع پر ٹائیگر فورس کے جوانوں کے حوصلوں کی داد دیتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل مسئلے کی نزاکت کو سمجھ رہی ہے اوراپنی پوری صلاحیتوں کے ساتھ اس مہم میں حصہ لے رہی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔ کمشنرنے مزید کہا کہ شجر کاری سردیوں میں دھندکے خلاف قدرتی تحفظ ہے،معاشی فوائد کے ساتھ ساتھ موسمی فوائد بھی شجرکاری سے وابسطہ ہیں اس لئے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو شجرکاری پر فوکس کرنی چاہیے تاکہ ملک و قوم کی بہتر مستقبل کو یقینی بنا یا جا سکے۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -