درخت لگانا صدقہ جاریہ اور انسانی زندگی کی بقاء کیلئے انتہائی ضروری ہے،جنید اکبر

درخت لگانا صدقہ جاریہ اور انسانی زندگی کی بقاء کیلئے انتہائی ضروری ہے،جنید ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر) ملاکنڈ سے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر اور ڈپٹی کمشنر و کمانڈنٹ ملاکنڈ لیوز ریحان خٹک نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور انسانی زندگی کی بقاء کیلئے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر موسمیاتی تغیرات دنیا پر انسانی زندگی کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں جسکا واحد حل جنگلات اور درختوں کا فروغ ہے اور آنے والی نسلوں کیلئے آج ہی سے سوچ کر اس چیلنج پر قابو پانا انتہائی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے دن شاہ کوٹ پل ضلع ملاکنڈ میں ٹائیگر فورس پلانٹیشن ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی جنید اکبر تھے جبکہ اس موقع پر ایم پی اے شکیل خان،کنزرویٹر شرقی سرکل ملاکنڈ ریجن ریاض خان،ڈویژنل فارسٹ آفیسر اصغر خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے دوران 10 بلین ٹری پلانٹیشن منصوبے کے تحت ٹائیگر فورس ڈے کی مناسبت سے مہمان خصوصی نے پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جبکہ ضلع میں شروع کردہ مہم میں ٹائیگر فورس کے نوجوانوں،سول ڈیفنس کے اہلکاروں اورسول سوسائٹی نے حصہ لیا۔اس موقع پر ڈی ایف او اصغر خان نے ملاکنڈ ضلع میں پلانٹیشن کی سرگرمیوں اور اعدادوشمار کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈ میں آج ہی کے دن 50ہزار پودے لگانے کا ہدف پورا کیا جائے گا اور سال کے دوران تقریباً 4لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کہ صوبے میں بلین ٹری کا 5سالہ منصوبہ شروع کیا گیا تھا جو 22ارب کا منصوبہ تھا اور وہ اللہ کے فضل وکرم سے 3سال کے دوران 14ارب روپے میں مکمل ہوا۔انہوں نے کہا کہ اب اس منصوبے کے ثمرات آنا شروع ہوچکے ہیں اور اس منصوبے کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پورے ملک میں 10بلین ٹری کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کو جلد مکمل کیا جائے گا۔تقریب سے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے کہا کہ درخت لگانا ہمارا قومی فریضہ ہے اور ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کی بھلائی کیلئے اس مہم میں حصہ لینا چاہیے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ریحان خٹک نے کہا کہ ملاکنڈ کو سرسبزوشاداب بنانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی جائے گی کیونکہ جنگلات مختلف پہلوؤں سے انسانی زندگی کیلئے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ زمینی کٹاؤ اور سیلابوں کو روکنے،گلوبل وارمنگ سے بچاؤ اور صحت مندانہ زندگی کیلئے زیادہ جنگلات اور درختوں کو لگانا انتہائی ضروری ہے اور اس اجتماعی مقصد کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔