ملک بھر میں آج سے ہوٹل، سینما، سیاحتی مقامات، مزارات کھل گئے 

ملک بھر میں آج سے ہوٹل، سینما، سیاحتی مقامات، مزارات کھل گئے 

  

 اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس نے 8 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 82 ہوگئی، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 84 ہزار 121 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سے کورونا کا زور آہستہ آہستہ ٹوٹ رہا ہے، نئے کیسز اور اموات میں مسلسل کمی سامنے آرہی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 24گھنٹے میں ملک میں کورونا کے8مریض جاں بحق ہوگئے۔ ملک بھرمیں کورونا وائرس سے اموات 6082ہوگئیں، 24گھنٹے میں کورونا کے23ہزار390ٹیسٹ کیے گئے۔24گھنٹے میں 634 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 17791 ہے۔ اب تک کورونا کے 2 لاکھ 60 ہزار248مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کیلئے مختص 1859وینٹی لیٹرز میں سے153پر مریض موجود ہیں۔دوسری جانب ملک میں کورونا کا زور ٹوٹتے ہی سیاحتی مقامات اور ہوٹل کھل گئے۔ کل سے جم، تھیٹرز، اور سینما ہالز بھی کھول دیئے جائیں گے، آج سے ریسٹورنٹس، کیفے کھل جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے اور شادی ہالز 15 ستمبرسے کھولے جا سکتے ہیں، آج سے ایکسپو ہالز، بیوٹی پارلر اور مزارات بھی کھل جائیں گے۔ مارکیٹس میں ہفتے کی چھٹی کی پابندی کوبھی ختم کیا جا رہا ہے، تاجر پرانے طریقہ کار کے مطابق دکانیں کھول سکتے ہیں۔ پبلک پارکس و د یگر مقامات کھول دیئے جائیں گے، کبڈی، کشتی، رگبی کے علاوہ باقی اسپورٹس کی اجازت ہو گی۔ کل سے جم، تھیٹرز اور سینما ہالز کھل جائیں گے۔ روڈ ٹرانسپورٹ پر بھی تمام بندش ختم کر دی گئیں۔ میٹرو سروس بھی آج سے فعال ہو جائے گی تاہم کھڑے ہوکرسفرکی اجازت نہیں ہوگی۔ حکومت بلوچستان نے بھی صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت کاروباری مراکز کے اوقات کار کو ختم کر دیاہے۔ حکومت بلوچستان نے صوبے میں دکانوں، اسٹورز اور مارکیٹوں سمیت تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز میں اوقات کار کی پابندی کو ختم کر دیا گیا ہے۔صوبائی حکومت نے صوبے کے تجارتی مراکز کے لیے جمعہ کو ایک دن کا اسمارٹ لاک ڈاون بھی ختم کر دیا۔

کورونا

مزید :

صفحہ اول -