پاکستان کے پہاڑوں کے درمیان کرکٹ میچ کی ویڈیو ، آسٹریلیا کے کپتان اور غیر ملکی جریدہ میدان میں آ گیا ، پیغام جاری کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کے کرکٹ کے جنون سے تو پوری دنیا ہی واقف ہے جس کا ایک مظاہرہ بھارت کے خلاف میچ میں دیکھنے کو ملتا ہے جبکہ پاک بھارت سیریز کو دیکھنے کیلئے توپوری دنیا ہی آنکھیں ٹکائے بیٹھی ہوتی ہے تاہم گزشتہ کئی سالوں سے سیزیز ممکن نہیں ہو سکی ہے اور کورونا نے بھی کھیلوں کے میدانوں کو ویران کر دیا تھا لیکن اب رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئیں ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک کرکٹ میچ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس نے غیر ملکی میڈیا کی توجہ بھی حاصل کر لی ہے ، ویڈیو میں پاکستانی نوجوانوں کے کرکٹ سے متعلق جنون کو دیکھ کر آسٹریلیا کے کپتان ” ایرون فنچ “ بھی دنگ رہ گئے ہیں اور انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دل سے تعریف کر دی ہے ۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہو نے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہاڑی علاقے میں کرکٹ کا میچ چل رہاہے جبکہ ارد گرد پہاڑوں کی ڈھلوانوں پر فیلڈنگ پر نوجوان کھڑے ہیں جو کہ بغیر کسی ڈر کے گیند کو پکڑنے کیلئے پہاڑ سے نیچے اور کبھی اوپر کی طرف بھاگتے ہیں ۔اس کے علاوہ پہاڑوں کے درمیان بمشکل ایک پچ کی ہموار جگہ موجود ہے جہاں چھوٹے سے سٹارٹ کے ساتھ باولر نہایت ماہرانہ انداز میں گیند بازی کر رہاہے جبکہ بیٹسمین فراہم کردہ ماحول کو مد نظر رکھتے ہوئے باونڈریز لگا رہا ہے ۔
یہ ویڈیو کہیںاور کی نہیں بلکہ پاکستان کے خوبصورت شہر ” ایبٹ آباد “ کی ہے جہاں کے نوجوان بھی ان پہاڑوں کی طرح بلند اور مضبوط دل رکھتے ہیں ۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی تو لندن کا کرکٹ سے متعلق معروف میگزین ” دی کرکٹر “ بھی خاموش نہ رہ پایا اور اس نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ”پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں جاری شاندار میچ کی ویڈیو دیکھیں ۔“
اس کے بعد یہ ویڈیو آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ کی نظروں سے گزری تو وہ بھی حیران رہ گئے اور انہوں نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ” یہ تو بہت ہی شاندار ہے “۔