بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانی کس ملک میں سب سے زیادہ جا رہے ہیں؟ حیران کن انکشاف
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانی کس ملک میں سب سے زیادہ جا رہے ہیں؟ اس حوالے سے حیران کن انکشاف سامنے آ گیا ہے۔ ڈیلی ڈان کے مطابق 2019ءکے دوران بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں میں سے حیران کن طور پر87فیصد متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب گئے۔ امیگریشن اینڈ اوورسیز امپلائمنٹ بیورو کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اگرچہ کورونا وائرس کی وباءاور تیل کی قیمتوں میں ہوشربا کمی کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی نوکریاں خطرے میں پڑ چکی ہیں لیکن رواں سال ان کی طرف سے رقوم پاکستان بھجوانے کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تارکین وطن نے رواں مالی سال کے دوران سعودی عرب سے 5.4ارب ڈالر پاکستان بھجوائے۔ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 4.7ارب ڈالر کی رقم پاکستان بھجوائی۔یہ رقم گزشتہ مالی سال کی نسبت بالترتیب 8.6فیصد اور 1فیصد زیادہ تھی۔ مجموعی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 23ارب ڈالر پاکستان بھجوائے جو گزشتہ مالی سال کی نسبت 6فیصد زیادہ تھے۔ 2019ءکے دوران جتنے پاکستانیوں نے بیرون ملک ملازمت کے لیے رجسٹریشن کرائی ان میں سے 70فیصد مزدور اور ڈرائیور کی کیٹیگری میں تھے۔