"مجھے ففتھ جنریشن وار فیئر کا نشانہ بنایا جارہا ہے" نسٹ یونیورسٹی کے ریکٹر نے کیس کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید زمان کی جانب سے ایف آئی اے میں 20 لوگوں کے خلاف ان کی شخصیت پر کیچڑ اچھالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کیس دائر کیا گیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید زمان نے کہا کہ انہوں نے 2017 میں ایک شکایت درج کرائی تھی لیکن اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اور ان کے خلاف مہم جاری رہی۔ انہوں نے اپنے خلاف چلنے والی مہم کو ففتھ جنریشن وار فیئر کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد آرمی کی سینئر قیادت کا تشخص خراب کرنا اور پاک فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں 20 لوگوں کو نامزد کیا ہے ، یہ نان سٹیٹ ایکٹرز کے ساتھ ملے ہوئے لوگ ہیں ، ان میں سے بعض کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بھی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ٹوئٹر پر نسٹ کی انتظامیہ کے خلاف ہاسٹل کی فیسوں کے معاملے پر ایک مہم شروع ہوئی تھی۔ طلبہ نے الزام عائد کیا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے طالبعلموں سے فی سمسٹر 40 ہزار روپے ہاسٹل فیس کا مطالبہ کیا جارہا ہے حالانکہ مارچ سے ہاسٹل بند ہیں۔