”شکست پر مایوس اور افسردہ ہیں لیکن۔۔۔“ بالآخر مصباح الحق بھی میدان میں آ گئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ دباؤمیں بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے، انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست سے مایوس اور افسردہ ضرور ہیں مگر ہمیں ناامید نہیں ہونا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے قومی ٹیم کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کیلئے لکھے گئے آرٹیکل میں کہا کہ فتح اور شکست کے درمیان بہت معمولی سا فرق ہوتا ہے، آخری سیشن کے علاوہ پاکستان نے میچ پر گرفت برقرار رکھی تھی، دباؤ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے، مایوس اور افسردہ ضرور ہیں مگر ہمیں ناامید نہیں ہونا چاہیے، قومی ٹیم کو خود میں 10 سے 15 فیصدمزید بہتری درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح انگلینڈ نے فائٹ بیک کیا انہیں اس کا پور اکریڈیٹ دینا چاہیے، خسارے کا شکار رہنے کے باوجود انگلینڈ نے ہم سے فتح چھینی،پاکستان نے 6 ماہ میں پہلی سیریز میں صف اول کی ٹیم کا زبردست مقابلہ کیا۔ شان مسعود کی کارکردگی متاثر کن اور شاندار رہی،شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ دونوں نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ یاسر شاہ کا فارم میں واپس آنا خوش آئند ہے،محمد رضوان نے وکٹوں کے پیچھے بہت اچھی کیپنگ کی۔