پی سی بی کا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کم نہ کرنے کا فیصلہ مگر کیوں؟ کرکٹرز کیلئے اچھی خبر 

پی سی بی کا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کم نہ کرنے کا فیصلہ مگر کیوں؟ کرکٹرز کیلئے اچھی ...
پی سی بی کا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کم نہ کرنے کا فیصلہ مگر کیوں؟ کرکٹرز کیلئے اچھی خبر 

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کم نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ پورا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کرانے کی کوشش کریں گے، دیگر ممالک کے مقابلے میں ہمارے ملک میں کرکٹ سے وابستہ افراد کے معاوضے بہت کم ہیں، اس لئے ہمیں ان کا خیال رکھنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر میچز کم ہوں گے تو ان کی آمدنی کم ہو گی جو کہ موجودہ صورتحال میں مناسب نہیں ہے، ہمیں ان کا احساس ہے، اس لئے میچز کم نہیں کئے جائیں گے تاکہ ان کی آمدنی کم نہ ہو، کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور دیگر لوگوں کو مالی مسائل سے کسی طور پر دوچار نہیں کرنا چاہتے۔

ندیم خان نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے بائیو سیکیور ماحول درکار ہے اور اس حوالے سے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے، جہاں یہ ترجیح ہے کہ پورا سیزن کرایا جائے وہاں یہ ترجیح بھی ہے کہ صحت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کھیل سے وابستہ ایک ایک فرد کی صحت پہلے ہے، کھیل ہی نہیں کسی بھی شعبے میں ایس او پیز پر عملدرآمد آسان نہیں رہا، اس لئے اب جب بائیو سیکیور بنائیں گے تو مسائل تو ہوں گے، یہ سب آسان نہیں ہو گا لیکن اس کے بغیر گزارا بھی نہیں ہے۔

مزید :

کھیل -