ٹیچنگ ہسپتالوں کے سرپرائز وزٹ جاری رہیں گے: سیکرٹری صحت

ٹیچنگ ہسپتالوں کے سرپرائز وزٹ جاری رہیں گے: سیکرٹری صحت

  

 لاہور، (لیڈی رپورٹر)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر محمد عامر جان نے ایڈیشنل سیکرٹری (ڈویلپمنٹ)ڈاکٹر آصف طفیل کے ہمراہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کا دورہ کیا اورادارہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری صحت محمد عامر جان نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ نہایت افادیت کا حامل ہے اوراس ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں کو تکنیکی طور پر مضبوط کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس ادارے کوسینٹر فار ایکسیلنس بنانے کے لیے میکنزم جلد وضع کیا جائے گا اور ماہرین کی کمی کو بھی پورا کیا جائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبہ کوتحقیق کیلئے بجٹ دیا جائے گا تاکہ وبائی امراض سے تحفظ سے متعلق محکمہ صحت کو گائیڈ لائن جاری کرنے میں بھرپور کردار ادا ہو سکے۔ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری صحت نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں سرپرائز اور باقاعدہ وزٹس جاری رہیں گے۔ان دوروں کا مقصد ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور مریضوں کے مسائل کو حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو اربوں روپے کا بجٹ فراہم کردیا گیا ہے۔لوکل اور بلک پرچیز پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں۔ہسپتال ادویات کی خریداری میں خودمختار ہیں، تاہم محکمہ صحت اس عمل کو شفاف اور کرپشن فری بنانے کے لیے گہری نظر رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ لوکل پرچیز کے آڈٹ اور انکوائری کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے گا اور عدالت سے سٹے آرڈرز ختم کروانے کیلئے قانونی اقدامات کئے جائیں گے۔سیکرٹری صحت نے مزیدکہا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں  کے نظام میں بہتری لانے کے لئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم بھی لائی جائیں گی تاکہ عوام کو زیادہ بہتر میڈیکل سروسز فراہم کی جاسکے

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -