کشمیری ٹیلنٹ سامنے آنے سے پاکستان کو فائدہ ہو گا، عمران خان

   کشمیری ٹیلنٹ سامنے آنے سے پاکستان کو فائدہ ہو گا، عمران خان

  

 مظفر آباد (این این آئی)کشمیر پریمیئر لیگ کی ٹیم کوٹلی لائنز کے فاسٹ بولر عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیری ٹیلنٹ سامنے آنے سے پاکستان کو فائدہ ہو گا، جب کھیلنا ہے تو مقابلہ تو کرنا پڑتا ہے چاہے وہ سینئر ہو یا جونئیر، ٹیم کے لیے پرفارم کریں گے تو کھیلیں گے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ میں اچھی بولنگ ہوئی، اب یہاں کشمیر پریمیئر لیگ میں بھی اچھی بولنگ کی کوشش کر رہا ہوں، میں نے یارکرز پر بہت محنت کی ہے۔

اور سلو ڈلیوریز پر کام کیا ہے کیونکہ آج کی کرکٹ میں ورائٹی کا ہونا بہت ضروری ہے، اسی محنت کی وجہ سے میں اچھا پرفارم کرنے میں کامیاب ہو رہا ہوں۔فاسٹ بولر نے کہا کہ لیگ کرکٹ سے اچھا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے، شاہنواز دھانی اچھا بولر ہے، فاسٹ بولرز کے علاوہ اسپنرز اور نوجوان بیٹسمین بھی سامنے آ رہے ہیں جو خوش آئند بات ہے۔عمرا ن خان سینئر نے کہا کہ کے پی ایل کشمیر کے نوجوانوں کے لیے زبردست موقع ہے، سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر کے انہیں سیکھنے کا موقع ملے گا، کشمیری ٹیلنٹ سامنے آتا ہے تو اس سے پاکستان کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کرکٹ کا ماحول بہت اچھا ہے، خوبصورت گراؤنڈ اور موسم بہت شاندار ہے جسے بہت انجوائے کر رہا ہوں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -