محرم کے لئے تمام محکمے انتظامات مکمل رکھیں،جہانزیب خان کھچی

محرم کے لئے تمام محکمے انتظامات مکمل رکھیں،جہانزیب خان کھچی

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانز یب خان کھچی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس وہاڑی میں امن وامان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلا س میں محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانز یب خان کھچی نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے اور کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔محرم الحرام کے حوالے سے تمام محکمے اپنے انتظامات مکمل رکھیں اورجلوسوں کے راستوں میں صفائی ستھرائی کے خصو صی انتظامات ہونے چا ہئیں۔کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائے تمام ادارے الرٹ ہو کر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ 

ڈپٹی کمشنر مبین الہٰی نے اس موقع پر اجلاس کو بتایا کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جلوسوں کے راستوں کی سڑکوں کو مرمت کر دیاگیا ہے تمام محکموں کے کنٹی جنسی پلانز تیار کر لئے گئے ہیں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، سول ڈیفنس اور دیگر تمام ڈیپارٹمنٹس محرم الحرام کے دوران احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے ڈی سی کمپلیکس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی تمام تحصیلوں کے کنٹرول روم ضلعی کنٹرول روم کے ساتھ منسلک ہوں گے ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے مزید کہا کہ جلوسوں کے راستوں سے بجلی اور ٹیلی فون کی تاروں کو اونچا کر ادیا گیا ہے۔ جلوسوں کے راستوں سے تجاوزات اور دیگر رکاوٹیں بھی ختم کر دی جائیں گی۔ ڈی پی او امیر عبداللہ خان نیازی نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر جہانز یب خان کھچی اور ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ نے ڈی سی کمپلیکس میں شجرکاری مہم پلانٹ فار پاکستان کے سلسلہ میں پودے لگائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -