مردان، محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے سیکورٹی پلان تیار 

مردان، محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے سیکورٹی پلان تیار 

  

 مردان(بیورورپورٹ)محرم الحرام کے دوران امن امان برقراررکھنے کے لئے ڈی پی او آفس میں ڈی آئی جی مردان ریجن یاسین فاروق کے زیر صدارت محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ،ڈی ایس پی سٹی سرکل انعام جان خان، ایس ایچ او تھانہ سٹی عاشق حسین،تاجر برادری،امن کمیٹی ممبران اور اہل تشیع و سُنی رہنماؤں اور علماء کرام نے شرکت کی۔ڈی آئی جی نے شرکاء اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ضلع بھر کی اور خصوصا محرم الحرام میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے سیکورٹی ہائی الرٹ ہے ضلع بھر میں مختلف شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں  لگائی جائے گی۔محرم الحرام کی سیکیورٹی کیلئے ضلع بھر میں 1000سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پولیس کے علاوہ عوام الناس بھی اپنے آپ کو اردگرد کے حالات سے باخبر رکھیں کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوراًمقامی پولیس یا کنڑول روم نمبر 0937-9230065کو دیں کیونکہ عوامی تعاون کی بدولت ہی سماج دشمن عناصر کے مذموم ارادوں کو ملیا میٹ کیا جاسکتا ہے، علماء کرام امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور محرم الحرام کے دوران انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کریں۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -