ماضی میں نمائش منصوبوں سے خزانے پر بے پناہ بوجھ ڈالا گیا: عثمان بزدار

  ماضی میں نمائش منصوبوں سے خزانے پر بے پناہ بوجھ ڈالا گیا: عثمان بزدار

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر لاہور شہر کی ترقی اور شہریوں کو سہولتیں دینے کیلئے میگا پراجیکٹس پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس میں لاہور کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوا۔ ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ اور ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے لاہور کے منتخب نمائندوں کو منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ منتخب نمائندوں کو لاہور شہر کی ترقی اور عوام کو سہولتیں دینے کیلئے مستقبل میں شروع کئے جانے والے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے لاہور کی ترقی کیلئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر لاہور کی ترقی کیلئے بے مثال منصوبوں پر کام کا آغاز کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں ان منصوبوں کی تکمیل سے زندہ دلان لاہور کو بے پناہ سہولتیں ملیں گی۔ لاہور کے شہری ان منصوبوں پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے شکرگزار ہیں۔اراکین اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ون مین شو کے کلچر کو ختم کرکے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس ترتیب دیئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ماضی میں لاہور سمیت بعض شہروں میں بغیر سوچے سمجھے اور بغیر پلاننگ کے منصوبے شروع کئے گئے۔عوام کی ضروریات کا تعین کئے بغیر ان منصوبوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور نمائشی منصوبوں کے باعث صوبے کے خزانے پر بے پناہ بوجھ پ ڑا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت منصوبے بنائے ہیں۔ لاہور میں شیرانوالہ فلائی اوور، شاہکام چوک فلائی اوور اور گلاب دیوی انڈر پاس کے منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جا چکا ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا اور شہریوں کو آمدورفت کی بے پناہ سہولتیں میسر آئیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور میں بارش کے پانی کے بروقت اخراج اور ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس بنانے کے منصوبے بھی بن رہے ہیں۔لاہور میں مجموعی طور پر 11 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔لارنس روڈ پر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ کشمیر روڈ اور شیرانوالہ گیٹ کے قریب انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔قذافی سٹیڈیم میں انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک بنانے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے تاج پورہ، کریم پارک راوی روڈ، ریلوے سٹیشن، کوپر روڈ، وارث روڈ، رسول پارک اور علامہ اقبال ٹاؤن کی سبزی منڈی کے قریب انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس بنانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ان 7 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر پر 2 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔چونگی امر سدھو سے ہڈیارہ ڈرین تک سیوریج لائن بچھانے کا بھی منصوبہ بنایا ہے جس پر ایک ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میگا پراجیکٹس لاہور کا حق ہے جو ہم دے رہے ہیں۔ شہرکی ترقی، شہریوں کی ضروریات اور سہولت کے پیش نظر یہ منصوبے ناگزیر ہیں۔ان تمام منصوبوں کو ٹائم لائن کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی نمودونمائش کے منصوبوں کی جگہ عوامی ترجیحات کو مدنظر رکھا گیاہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -