نااہل حکمران بے نقاب ہو چکے، سندھ حکومت عوام کو ریلیف دے: بلاول 

نااہل حکمران بے نقاب ہو چکے، سندھ حکومت عوام کو ریلیف دے: بلاول 

  

 اسلام آباد،کراچی (سٹاف رپورٹرز، نیوزایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے حلقہ 4 نگر 1 کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے پی ٹی آئی نے نگر میں پیپلزپارٹی کیخلاف بدترین دھاندلی کی جس کا فائدہ تیسری جماعت کو ہوا، پیپلزپارٹی کو روکنے کیلئے تمام سرکاری مشینری کو استعمال کیا گیا۔ نگر پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے، منظم دھاندلی سے جیالے امیدوار کو ہرایا گیا۔ گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والی پیپلزپارٹی کو چند سیٹوں تک محدود کرنے سے حقائق نہیں بدلے جا سکتے، پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی حقیقی آواز ہے،نگر کے عوام کا ووٹ چوری کیا گیا، عوام اپنے ووٹ کے حق پر ڈاکے کو کسی صورت منظور نہیں کرینگے۔بعدازاں پیپلزپارٹی سکھر کے رہنما سابق مئیر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا عمران خان یا تحریک انصاف کے دیگر رہنما سندھ میں آئیں جلسے کر یں، لیکن یاد رکھیں سندھ نہیں اب تو پورے ملک کے عوام انہیں جان چکے ہیں، آئندہ انتخاب میں عوام دشمن ناکام حکمرانوں کو عوام مسترد کردیں گے، مخالفین پیپلز پارٹی سے خوفزدہ ہیں،ہمارے مخالف اتحاد بنائے جارہے ہیں تاکہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرسکیں،ماضی میں بھی مخالف اتحاد ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور آنیوالے بلدیاتی انتخابات ہوں یا عام انتخا بات عوام پیپلزپارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرا کر ثابت کریں گے پیپلزپارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، پیپلزپارٹی مخالف اتحادوں سے گھبرانے والی نہیں،ہمارے سب سے بڑے اتحادی عوام ہیں عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اور منتخب نمائندوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس مہنگائی، بیروزگاری اور مشکلات میں گھرے عوام کا بھرپور ساتھ دیں۔اس موقع پر سابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا پارٹی کی جانب سے معاون خصوصی وزیراعلی سندھ کے اہم عہدے پر فائز کرنا میرے لئے باعث فخر ہے، میں پارٹی کے ویژن اور پالیسیز کے مطابق اہم ذمہ داری کو انتھک محنت، دیانتداری اور پوری وفاداری کیساتھ نبھانے کی کوشش کرونگا۔

بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -