حکومت کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے: محمد عاطف خان 

  حکومت کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے: محمد عاطف خان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور (سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر خوراک عاطف خان نے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کو صوبے میں عوام تک معیاری اور محفوظ آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے فلور ملز سے سامپلز لیکر لیبارٹری ٹیسٹس شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کی کاروائیوں کے ساتھ فوڈ سیفٹی فلورز ملز میں آٹے کا معیار یقینی بنانے کے لئے انسپکشنز کا عمل تیز کریں، اور خوراک سے وابستہ دیگر کاروباروں کی طرح فلورز ملز کی جیو ٹیگنگ کا عمل بھی شروع کیا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی  شاہ رخ علی خان نے صوبائی وزیر کو موبائل لیبز کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا کہنا تھا کہ موبائل لیب کے قیام سے خوراک سے وابستہ کاروباروں کو مزید بہتر طریقے سے مانٹئیر کیا جاسکے گا۔ اجلاس میں وزیر خوراک کو ای لائسنسنگ پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی اگاہی دی گئی۔ وزیر خوراک نے حکام کو ای لائسنسنگ جلد سے جلد عملی طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی، تاکہ لائسنس کے حصول میں مزید آسانیاں پیدا کی جاسکیں۔ عاطف خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے، معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوڈ لیبارٹریز کا نظام مزید فعال بنایا جارہا ہے، تاکہ صوبے میں سائنسی بنیادوں پر خوراک سے وابستہ کاروباروں کا جائزہ لینا مزید بہتر کیا جاسکیں۔
 

مزید :

صفحہ اول -