پی ایس آئی پاکستان کا ''میک اسپیس ہیکاتھون'' کا انعقاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل انکیوبیشن سینٹر کراچی، پی ایس آئی پاکستان اور این آئی سی کراچی نے مشترکہ طور پر ایک 48 گھنٹوں پر محیط سہ روزہ آن لائن ہیکاتھون کا انعقاد کیا جو 6 اگست 2021 کو شام 6 بجے شروع ہوئی اور 8 اگست 2021 کو شام 6 بجے اختتام پذیر ہو ئی۔ اس ہیکاتھون کا مقصد ان افراد کی رہنمائی اور پیشبندی کرنا تھا جو خاندانی منصوبہ بندی اور پیدائش میں مناسب وقفہ پر تحقیق و ترویج پر کام کر رہے ہیں۔ اس ہیکاتھون میں پورے پاکستان سے دو سو سے زائد افراد نے شرکت کی تھی، اس ہیکاتھون میں بلاتفریق تمام افراد کو شرکت کا موقعہ فراہم کیا گیا تھا اور شرکت پر عمر یا صنف کی کوئی قید نہیں رکھی گئی تھی، البتہ اس امر کو یقینی بنایا گیا تھا کہ شرکاء کے پیش کردہ حل مندرجہ بالا مسائل کو موزوں انداز میں حل کر سکتے ہوں۔ اور تین دن کے دوران شرکاء نے ان مسائل کے بہت سے منفرد اور کارآمد حل پیش کیئے مثلاً عوام میں شعور و آگاہی بڑھانے کے لیئے سافٹ ویئر اور ایپ بنانا، پیچیدہ مسائل کے مفصل اور جامع جوابات پر مبنی ویب سائٹس اور پیلپ لائینز بنانا، مستفیدین کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیئے تعلیمی پروگرامز، ورکشاپ سیریز اور یوٹیوب و ٹک ٹاک پر مبنی تدریسی پروگرامز تیار کرنا۔ میک اسپیس ہیکاتھون میں حصہ لینے والے تمام شرکاء نے اپنے تیار کردہ حل کئی مرتبہ منصفین اور ماہرین کے سامنے پیش کیئے تھے، اور ہیکاتھون کے اختتام تک 14 ٹیمز کامیابی سے پہنچی تھیں، جن میں سے چار بہترین منتخب ٹیمز کو اپنے آئیڈیاز مزید بہتر بنانے کے لیئے انعامات بھی دیئے جائیں گے، جن کی کُل مالیات پانچ لاکھ پچیس ہزار روپے ہوگی۔